دیربالا میں مٹی کا تودہ مکان پر آگرا، 12 جاں بحق،بلوچستان کے 10 اضلاع آفت زدہ

دیر بالا،کوئٹہ،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بارشوں،سیلاب کی تباہ کاریاں،دیر بالا میں مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے ایک خاندان کے 12 افراد جاں بحق ،بلوچستان کے 10 اضلاع کو آفت زدہ قراردےدیا گیا۔

مٹی کا تودہ پاتراک کے علاقے میں گرا،مرنے والوں میں خواتین ،9بچے اور ایک مرد شامل ہے،بارش اور اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

ادھر بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے صوبے کے 10 اضلاع کو آفت زدہ قرار دےدیا،صوبائی حکومت نے آفت زدہ اضلاع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

متاثرہ اضلاع میں قلات، زیارت، صحبت پور، لسبیلہ، آواران ،کچھی ،جعفر آباد، اوستہ محمد، لورالائی اور چاغی شامل ہیں، پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کردی۔