کالعدمTTP سے مذاکرات کا کوئی پلان نہیں،افغانستان کارروائی کرے، پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے واضح کیا ہے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا کوئی پلان نہیں،افغان حکومت دہشتگردوں کےخلاف کارروائی کرے،خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے خطرہ ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بارہا افغان سرزمین کے پاکستان کےخلاف استعمال کا معاملہ اٹھایا ، افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی اقوام متحدہ سمیت متعدد عالمی اداروں سے ثابت ہے، پاکستان نے دہشتگردی پر انٹیلی جنس معلومات شیئر کیں،معلومات جاری نہیں کرسکتے،کابل حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ علاقائی شراکت داروں کی مشاورت کے بغیر نہیں کریں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہاشنگھائی تعاون تنظیم ا جلاس میں شرکت کیلئے بھارت سمیت تمام رکن ممالک کے سربراہوں کو دعوت نامے بھیج دئیے،گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان ،ایران رابطے میں ہیں، چین سے حاصل شدہ قرضے طویل المدتی و کم شرح سودپر ہیں، پاکستان تمام چینی شہریوں ،منصوبوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے، پاکستان کے برطانیہ سے قریبی و دیرینہ تعلقات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہااکتوبر کے بعد سے پاکستان نے بارہا غزہ سے محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ کیا ،مشرق وسطی میں کسی جنگ سے بچ جانے پر یقین رکھتے ہیں،خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے خطرہ ہے، شہری آبادی پر اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے،حق استصواب رائے کشمیریوں کا حق ہے، کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق ہی مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہے ،کوئی اور طریقہ نعم البدل نہیں ہو سکتا،پاکستان نے عالمی رہنماوں کی پروازوں کو اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد نہیں کر رکھی، اپنے تمام شہریوں کو ان ممالک کے قوانین کے احترام کا کہتے ہیں جن کا وہ دورہ کر رہے ہیں۔

ممتاز زہر ا بلوچ نے کہابنگلہ دیشی عوام درپیش چیلنجز کا مقابلہ خود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اگربنگلہ دیش کی جانب سے کسی قسم کی مدد درخواست کی گئی تو مثبت جواب دیں گے، پاکستان بنگلہ دیشی عوام کےلئے بھرپور احترام کے جذبات رکھتا ہے، آصف مرچنٹ کے معاملے پر امریکی انتظامیہ سے معلومات کے منتظر ہیں۔