رعایت کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا،دشمن قوتوں کو پوری قوت سے کچل دینگے،سیاسی وعسکری قیادت

کوئٹہ:(بیورورپورٹ)سیاسی وعسکری قیادت نے عزم کا اعادہ کیا ہے بلوچستان میں دشمن قوتوں کو پوری قوت سے کچل دینگے،دہشتگردوں کےساتھ رعایت کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

کوئٹہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی، کمانڈر بلوچستان کور ،سینئر سول، پولیس، انٹیلی جنس و فوجی حکام نے شرکت کی،اجلاس کے آغاز میں شرکا نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کے شہدا کےلئے فاتحہ خوانی کی ،لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا،سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی ،بہادری کو سراہا ۔

وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہادہشتگردوں سے رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دہشت گردوں اور پاکستان دشمنوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوگا،دہشتگردوں کاخاتمہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے، بات چیت صرف ملکی آئین تسلیم اور پرچم کو سلام کرنے والوں سے ہو گی، بلوچستان میں بیورو کریسی کی تعیناتی کیلئے پالیسی تشکیل دےدی،مراعات بھی دی جائیں گی۔

شہبازشریف نے کہاصوبائی حکومت کے روڈ میپ پر عملدرآمد سے بہت فائدہ ہو گا، دہشتگردوں ،ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا سب کا ملی، سیاسی و دینی فریضہ ہے،دہشتگردوں اور آئین کو ماننے والوں میں تفریق کی ضرورت ہے،وفاق صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کرےگا،بیورو کریسی بلوچستان آنے سے کتراتی اور بہانے تراشتی ہے، ایماندار و قابل افسروںکا اپنے اضلاع میں موجود ہونا ضروری ہے، تعیناتیوں کیلئے پالیسی تشکیل دےدی ،صوبائی حکومت کےساتھ ملکر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا ،کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، معاملے پر ایک صفحے پر ہونا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا48ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شریک نصف افسروں کی فوری طور پر ایک سال کیلئے بلوچستان میں تعیناتی عمل میں لائی جائے گی ،سہ ماہی بنیادوں پر 4 ایئر ٹکٹ ،کارکردگی کی بنیاد پر 3اضافی پوائنٹس بھی دیئے جائیں گے،48ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے باقی افسروںکو 6ماہ ،تیسرے مرحلے میں ایک سال بعد 49ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسروں،ایک اور ڈیڑھ سال بعد گروپ کے باقی نصف افسروںکو ایک سال کیلئے بلوچستان میں تعینات کیا جائے گا، پالیسی پر فی الفور عمل کریں گے، کوئی اگر مگر قبول نہیں کیا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہااقدام کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے، چمن بارڈر پر پاسپورٹ سٹاف دوگنا کر دیا ، ڈائریکٹر سائبر بلوچستان کی تعیناتی جلد ہو جائے گی،سماجی و ترقیاتی پروگرام بھی ضروری ہے تاہم شفافیت کا علم بلند کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان جس راستے پر چلے ہیں اس سے تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کر سکتے ہیں،بلوچستان کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے 27 ہزار کلومیٹر شاہراہیں بنائی گئی ہیں، 2010 میں این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ دوگنا کیا گیا، سب سے زیادہ پنجاب نے اپنے حصے کا بجٹ بلوچستان کو دیا، 14 سال میں 160 ارب اضافی بلوچستان کو ملے۔

وزیراعظم نے کہاترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، چیک اینڈ بیلنس اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ضرورت ہے،خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں دشمنان پاکستان سی پیک، پاک چینی دوستی میں رخنہ ڈالنے کے خواہشمند ہیں، بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، گوادر بندرگاہ ترقی و خوشحالی کا بہترین منصوبہ ہے،دھرنے دیئے اور حملے کئے جا رہے ہیں ایسے اقدامات اٹھانے والوں کو ترقی و خوشحالی کی کوئی فکر نہیں ،عزم ہے 50 فیصد درآمدات گوادر بندرگاہ کے ذریعے ہوں تاکہ بندرگاہ فعال ہو، روزگار کے مواقع پیدا ہوں، پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔

شہبازشریف نے کہادشمنوں کا متحد ہو کر خاتمہ کرنا ہو گا، باہر سے شہ دینے والوں کے تمام منصوبے خاک میں ملائیں گے،دہشتگردی کےخلاف پاکستان نے 80 ہزار جانیں دیں،150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا، بدلے میں پاکستان کو صرف 20 ارب ڈالر ملے، اتنی قربانیاں دنیا میں کسی ملک نے نہیں دیں، ایپکس کمیٹی اجلاس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سب نے ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے،عزم ہے سیاسی حکومت، افواج اور صوبائی حکومتیں مل کر چلیں گی تو ملک پرامن و خوشحال ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا حالیہ دہشتگردی نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا،معصوم لوگوں کا خون بہانے والے دہشتگردوں کےلئے کوئی رعایت نہیں ہوگی،پوری قوت اور قومی حمایت سے شکست دینگے،بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

اجلاس میں سکیورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ ،کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ،پولیس، لیویز و دیگر متعلقہ محکموں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا،کمیٹی نے فیصلہ کیا دہشتگرد حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، سہولت کاروں اور مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائینگے۔

شہبازشریف نے کہامصمم ارادے ،اجتماعی بصیرت کیساتھ بلوچستان میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے اور دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے،گھناﺅنے منصوبے کے تحت بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے خارجی دہشتگردوں کا سرکچلاجائے گا،بلوچستان پاکستان کااہم اور خوبصورت صوبہ ہے،ترقی وخوشحالی کے راستے میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی،شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیا جائےگا۔

وزیراعظم نے کہافوج چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی لیڈر شپ میں وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کےساتھ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی،شہبازشریف نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کیے اور ریاست کی جانب سے مکمل تعاون و تحفظ کا یقین دلایا۔