ریجنل میری ٹائم سکیورٹی، نیوی کے جنگی جہاز یرموک کی عمان میں عمانی بحریہ کیساتھ سمندری مشق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے خلیج عمان میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی گشت کے دوران رائل عمان نیوی کے جہاز ”السیب“ کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی حکمت عملی کو فروغ دینا اور خطے میں مشترکہ آپریشنز کرنے کیلئے صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ قبل ازیں پی این ایس یرموک نے عمان کا دورہ بھی کیا جہاں جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے عمان کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک بحریہ سمندری سلامتی کو لاحق خطرات کیخلاف علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے تحت دیگر بحری افواج کے ساتھ باقاعدگی سے تعاون کرتی ہے۔ پاک بحریہ، سمندر میں قانون کی بالادستی، بحری نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے اور اپنی قومی ذمہ داری کے تحت بحری جنگی جہازوں کو ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرول پر باقاعدگی سے تعینات کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میری ٹائم سکیورٹی کیلئے ہونے والی مشترکہ کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔