پی ٹی آئی کے پی میں اختلافات شدید، عاطف خان،شیر علی عہدوں سے فارغ: انتشاری تولہ خود ہی لڑ کر ختم ہوجائیگا: مشیر وزیر اعظم

پشاور، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں اختلافات شدید ہو گئے ، عاطف خان اور شیر علی ارباب کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے،جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ عاطف خان کو پشاور ریجن اور شیرعلی ارباب کو ضلع پشاور کی صدارت سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ارباب عاصم کو پی ٹی آئی پشاور ریجن کا نیا صدر جبکہ عرفان سلیم کو ضلع پشاور کا صدر مقرر کیا گیا ہے،اسی طرح شہاب ایڈووکیٹ کو ضلع پشاور کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا ہے دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا بانی پی ٹی آئی اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں پٹ رہے ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا تحریک انصاف میں عہدوں کی جنگ چل رہی ہے، انتشاری ٹولہ اب اختلافی ٹولے میں بدلتا جارہا ہے، انتشاری ٹولہ خود ہی لڑکر ختم ہو جائےگا، یہ پارٹی 10 سال سے خیبرپختونخوا کو لوٹ رہی ہے، بشریٰ اور علیمہ خان میں نوک جھونک جاری ہے، خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی صفر ہے۔