بلوچستان میں دہشت گرد حملے پلاننگ سے کئے گئے، دشمن ملک ملوث ہے: رانا ثناءاللہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءنے کہا ہے بلوچستان میں دہشت گرد حملے پلاننگ سے کیے گئے، دشمن ملک ملوث ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءنے کہا بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے وہ ممالک ہیں جنہوں نے گزشتہ 75 سالوں سے ہمارے ملک کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کیا، اس دہشتگردی کا اسی انداز سے مقابلہ اور قلع قمع ہونا چاہیے جس طرح دیگر دہشت گرد تنظیموں کےخلاف ہوا ہے، دہشت گردوں نے منظم ہوکر پروگرام بناکر ایک دن میں تین چار واقعات کیے، دہشت گردوں کی نہ اتنی تعداد ہے نہ اتنی قوت، ہماری فورسز میں اتنی اہلیت ہے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں، دہشت گرد کبھی کبھار چھپ کر کوئی بس روکتے ہیں اور ایسا واقعہ کرتے ہیں، ہمیں اپنی فورسز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے،رہنما ن لیگ نے کہا دہشت گردوں کو جب موقع ملتا ہے وہ ٹولیوں کی صورت میں ایسے واقعات کردیتے ہیں، دہشت گرد کوئی بہت بڑی قوت نہیں، ان کی رٹ قائم نہیں ہوسکتی، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ بالکل ہوگی، پہلے بھی ہوتی رہی ہے، کمیٹی بڑے تسلسل کے ساتھ ملتی ہے،سیاسی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا ءنے کہاپیپلز پارٹی کےساتھ کسی بھی وقت بیٹھا جاسکتا ہے، فتنہ ایک ہی ہے، وہ پی ٹی آئی کہہ لیں یا بانی پی ٹی آئی، عمران خان کسی کے ساتھ نہ بات کرنے کو تیار ہیں نہ بیٹھنے کو، جب عمران خان اقتدار میں تھے تو کہتے تھے کسی کو نہیں چھوڑوں گا، اب کہتے ہیں میں نہیں تو پاکستان نہیں، ان کی سیاست میں ایسا خلل ہے جس کو حل ہونا چاہیے، باقی کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل نہ کرسکے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کوئی فائرنگ نہیں ہوئی، سیاسی جماعتیں اور کارکن بیان نہ دیں تو پھر کیا کریں گے، سیاسی بیان بازی ہوتی رہنی چاہیے۔