ملتان، اسلا م آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے،میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا ہم نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے، عام آدمی بھی ہمارے سسٹم میں کسی کام کےلئے کال کرے گا تو اسے جلد رسپانس ملے گا، ڈسکوز کو اختیار ہوگا چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہیے جبکہ پنجاب حکومت کے دئیے گئے ریلیف پر بجلی کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے ایک یونٹ کی غلطی بھی قابل برداشت نہیں ہوگی، بجلی کی چوری ریاست اور عوام کےلئے برداشت کے قابل نہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ رواں سال چوری کے نقصانات کم ہوں، میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہے اسے ختم کرنا ہدف ہے، بجلی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے،اویس لغاری نے کہا حکومت پنجاب نے 45 ارب روپے سے 200 سے 500 یونٹ صارفین کو ریلیف دیا ہے جسے عوام تک پہنچائیں گے، شرح سود کم اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، اس کا کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا جس سے ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی، دوسری جانب پاور سیکٹر کےلئے قلیل اور وسط مدتی اصلاحات تیار کرلی گئیں،ذرائع کے مطابق پاورسیکٹر میں اصلاحات پر عملدرآمد کےلئے 6 ماہ سے ایک سال کے اہداف طے کرلیے گئے، صارفین کےلئے کراس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گھریلو صارفین کیلئے سبسڈی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے لنک کیا جائے گا جبکہ بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ٹیکسوں پر نظر ثانی ہوگی، سردیوں میں بجلی کی کم ہونے والی طلب کو بڑھا کر دگنا کردیا جائے گا، کچھ اقدامات قلیل مدت اور کچھ وسط مدت میں کیے جائیں گے، کیپٹو پاور کی گیس پاور پلانٹس کو دی جائے گی اوردرآمدی کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ ریشنلائز کرنا بھی اصلاحاتی منصوبے میں شامل ہے۔
پری پیڈ میٹرز کی ضرورت، بجلی چوری ختم کرنا ہدف، کمپنیوں کو فری ہینڈ دینگے: وزیر توانائی

















