ن لیگ،پی پی ملکی استحکام کےلئے ملکر چلنے پر متفق،پاورشیئرنگ معاملات دیکھنے کیلئے کمیٹی قائم

لاہور:( سٹاف رپورٹر)ن لیگ،پی پی کمیٹیوں کی اہم بیٹھک، دونوں جماعتوں نے ملکی استحکام کےلئے ملکر چلنے اورآئندہ بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا،شیئرنگ معاملات دیکھنے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

گورنر ہاﺅس لاہور میں ہونےوالے اجلاس کی صدارت نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے مشترکہ طور پر کی،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،وزیر اعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ، پیپلز پارٹی کی جانب سے حسن مرتضیٰ ،گورنر سردار سلیم حیدر ،پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی اور ندیم افضل چن بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی ،ن لیگ کے درمیان حکومتی اتحاد کے تحریری معاہدے پر مشاورت کی گئی اور بقیہ نکات پر مرحلہ وار عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا ،کچھ نکات پر فوری عملدرآمد اور باقی نکات پر ٹائم فریم دینے پر کافیصلہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق طے پایا حکومت قانون سازی ،بجٹ اور پالیسیوں پر پیپلز پارٹی کو پیشگی اعتماد میں لے گی ،پنجاب میں پیپلز پارٹی کے اراکین کو (ن) لیگی اراکین کے برابر ترقیاتی فنڈزدئیے جائیں گے،عام انتخابات میں کامیابی والے اضلاع میںپیپلز پارٹی کی مرضی کے افسر تعینات ہوں گے۔

اندورنی کہانی کے مطابق پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے سامنے پاور شیئرنگ کےلئے مطالبات کی فہرست رکھی تو ن لیگ نے جواب دینے کےلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی،اجلاس میںپیپلز پارٹی نے ن لیگ کی وعدہ خلافیوں پر بھرپور شکوہ کیا،ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی طرف سے اختلافی امور میڈیا کے سامنے لانے پر اعتراض اٹھایا،دونوں جماعتوں کے رہنما اجلاس کی رپورٹ قائدین کو پیش کریں گے۔

دریں اثناصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے کہا اجلاس میں اچھے انداز میں گفتگو اور مثبت پیشرفت ہوئی ،تاثر درست نہیں پیپلز پارٹی اقتدار میں حصہ مانگ رہی ہے، اتحادی حکومت کو آگے لےکر چلنا چاہتے ہیں،فوکس مہنگائی ولاقانونیت کوکم کرنا ہے، مسائل کو دیکھنے کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کردی ،حکومت کوکوئی ٹف ٹائم نہیں دینا چاہتے ، سب کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی سفارشات دے گی، دونوں اطراف سے سیاسی بیان بازی نہیں ہونی چاہیے۔

حسن مرتضی نے مزید کہا کوشش ہے اتحاد قائم رہے ،مہنگائی میں کمی وعوام کوریلیف دلانا چاہتے ہیں، پاورشیئرنگ فارمولہ ہے ہی نہیں، بیٹھ کرلائحہ عمل طے کرنا چاہتے ہیں، تینوں صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے،پیپلز پارٹی شارٹ کی بجائے لانگ ٹرم ریلیف کے حق میں ہیں، حکومت کو تب تک چلنا چاہیے جب تک عوام کو ریلیف نہیں ملتا۔