غیرقانونی بھرتیوں کا ریفرنس واپس، نیا الیکشن حل نہیں، آرمی چیف، چیف جسٹس، سیاستدان راستہ نکالیں: شاہد خاقان

کراچی (بیورو رپورٹ) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےخلاف پی ایس او میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں نیب کی جانب سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم دیدیا،نیب حکام نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام واپس لے لیاجبکہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب ریفرنس نمٹادیا،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب نے عمران الحق کو غیر قانونی طور پر ڈی جی پی ایس او تعینات کرکے قومی خزانے کو 138 ملین روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا ریفرنس 2020 میں دائر کیا گیا تھا،گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنس واپس لینے کی درخواست دائر کی اور موقف اپنایا چیئرمین نیب نے ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کی ہے جس پر کراچی کی احتساب عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس نمٹا دیا،سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا 4 سالوں کے دوران ہمارے خلاف صرف ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا، جتنی جلدی نیب کو ختم کیا جائے اتنا ملک کےلئے بہتر ہوگا، ملک میں اب نئے الیکشن سے بھی معاملات حل نہیں ہوں گے، آرمی چیف، چیف جسٹس اور سیاستدان ملکر فیصلہ کریں کہ ملک کو کیسے چلانا ہے، پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے اس طرح کے کیسز شروع کیے جاتے ہیں، آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے کہ عدالت نے بری کردیا،ملک میں نئے الیکشن کے مطالبے کے سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا اب نئے الیکشن سے بھی معاملات حل نہیں ہوں گے، چیف جسٹس، آرمی چیف اور سیاستدان ملکر بیٹھیں اور پہلے راستے کا تعین کریں کہ ملک کیسے چلے گا۔