فخر پاکستان کاآبائی گاوں آمد پر بھی شاندار استقبال،جشن،آتشبازی، پھولوں،نوٹوں کی بارش

میاں چنوں،لاہور:(نمائندہ مشرق،سپورٹس رپورٹر)فخر پاکستان کاآبائی گاوں آمد پر بھی شاندار استقبال،جشن،آتشبازی، پھولوں،نوٹوں کی بارش،فضا پاکستان،ندیم ارشد زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کےلئے رائیونڈ تبلیغی مرکز میں قیام کیا، شکرانے کے نوافل ادا کیے،اپنے آبائی گاوں میاں چنوں کی جانب سفر کے دوران جگہ جگہ قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ارشد ندیم کا قافلہ چیچہ وطنی بائی پاس پر پہنچا تو شہریوں نے پھولوں کے ہار پہناکر استقبال کیا، پھول کی پتیاں ،نوٹ نچھاور کیے،پورا گاﺅں امڈ آیا، علاقے کے داخلی دروازوں پر خوش آمدید ارشدندیم کے بینرز آویزاں کئے گئے،جشن کاسماں رہا،شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ،آتشبازی کا مظاہرہ کیا ،ارشد ندیم کے گھر پہنچنے پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، ماں نے عظیم سپوت کو گلے لگا کر استقبال کیا، ارشد ندیم والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے، دیکھنے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا عزت ،پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں،شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔