فیصلوں کو نظر انداز کرنا آئینی ڈھانچہ چیلنج کرنے کے مترادف ہے،جسٹس منصور

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ کو بطور ایپکس کورٹ آئینی تشریح ، انصاف کی فراہمی اور آئین پر عملدرآمد کا اختیار حاصل ہے،جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے نیشنل بینک کے 11 ہزار پنشنرز کو پنشن کی عدم ادائیگی کے معاملے پر عدالتی کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا انفرادی شخصیات یا اداروں کے پاس عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، صدر نیشنل بینک فیصلے پر عملدرآمد کیلئے سینئر افسر کو فوکل پرسن مقرر کریں، فوکل پرسن پنشنرز کی مکمل ادائیگی یقینی بنا کر عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا جمہوریت میں قانون کی حاکمیت صرف ایک اصول نہیں بلکہ وہ بنیاد ہے جس پر حکمرانی کی قانونی حیثیت ٹکی ہوتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے محض سفارشات یا ایڈوائزری نہیں ہوتے، عملدرآمد ہر صورت یقینی بنانا ہو گا، سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نظر انداز یا عمل درآمد میں تاخیر کرنا آئینی ڈھانچہ چیلنج کرنے کے مترادف ہے،عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرنا کرٹسی نہیں ،آئین کی منشا ہے۔