سانحہ 9مئی،عمران خان کامشروط معافی مانگنے کا اعلان، زمان پارک آپریشن کے دوران پٹرول بم پھینکنے کا اعتراف


راولپنڈی(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی نے 9 مئی واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کردیا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں،پی ٹی آئی کے لوگ ملوث پائے گئے تو معافی مانگوں گااور پارٹی سے نکال کر سزا بھی دلواوں گا،ثبوت آپ کے پاس ہیں، کیوں چھپا رہے ہیں ثبوت چھپانا جرم ہے،پٹرول بم صرف زمان پاک لاہور میں استعمال کیے تھے اور کہیں نہیں اگر کوئی تنظیمی عہدےدار حساس عمارتوں پر پٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

،سابق وزیراعظم نے کہاکیا صرف آئی ایس پی آر کی عزت ہے، پاکستان و عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں، مجھے رینجرز نے گھسیٹا، کیا آپ کا حق نہیں مجھ سے معافی مانگیں، معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلطی کی ہو، میں نے کوئی غلطی نہیں کی ،پرامن احتجاج کو دہشت گردی بنا دیاگیا، میں مظفرگڑھ پولیس والا نہیں ہوں کہ پہلے مجھے پھینٹی لگائی جائے اور بعد میں میرا آئی جی ہی جا کر معافی مانگ لے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے موقف پر قائم رہنے کے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہاہم بھی 9 مئی کو معاف نہیں کریں گے، سی سی ٹی وی ویڈیوز نکالیں اور دیکھیں کون لوگ ہیں؟ آئی ایس پی آر نے کہا مافیا پیسے خرچ کرکے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، آپ نے نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کی کہانیاں سنائیں اب الیکشن میں دھاندلی کر کے انہی لوگوں کو مسلط کیا گیا،پی ٹی آئی کے لوگوں پر تشدد ،پارٹی کو الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، 9 مئی کے متاثرین ہم ہیں ،انصاف چاہیے، قاضی فائز عیسیٰ نے کچلنے کا پورا موقع دیا،9مئی کو پی ٹی آئی کے 16 لوگ شہید ہوئے ،3لوگوں کی ٹانگیں کٹیں، ایک بندہ مفلوج ہوا، کارکنوں کی مالی امداد کی گئی مگر پولیس نے دباو ڈالا کوئی بات نہ کریںکوئی اگر بات نہیں کرنا چاہتا تو نہ کرے میں بھی نہیں کروں گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہاانتشار نہیں چاہتے،ملک کی خاطر بات کرنے کو تیار ہوں، 8 فروری کو کال اس لیے نہیں دی کیونکہ عوام کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہو جاتا پھر ساری ذمہ داری ہم پر آجاتی،شیخ مجیب الرحمن سے متعلق جو بھی بات کی وہ حمود الرحمان کمیشن کی فائنڈنگز ہیں میری نہیں۔

شہباز گل،مراد سعید، قاسم سوری،فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کو واپس نہ بلانے کے سوال پر عمران خان نے کہا عدالتوں سے ڈر نہیں لگتا میرے سالے، بہنوں، بھانجوں پر مقدمات ہیں مگر ٹرائل نہیں ہوتا ویگو ڈالا آجاتا ہے یہ لوگوں کو گرفتار نہیں اغوا کر لیتے ہیں،بنگلہ دیش سے برے حالات پاکستان میں ہیں،حسینہ واجد واقعہ کے بعد لگ رہا ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے، حسینہ واجد جس طرح ملک سے فرار ہوئی مجھے خدشہ ہے نواز ، زرداری،شہباز بھی ملک سے فرار ہوں گے ،مجھ سمیت نواز شریف، شہباز شریف، زرداری اور محسن نقوی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، جیل سے باہر بھی آجاوں تب بھی ملک سے باہر نہ جا سکوں،فوج قومی ادارہ ،تحفظ سب کی ذمہ داری ہے،ایک بار پھر پانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کے معاملے پر سوال کاجواب دئیے بغیر چلتے بنے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ،ذرائع کے مطابق عمران خان نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات میں کہا آئین و قانون کے دائرے میں کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں،چوری شدہ مینڈیٹ واپس دیا جائے،مجھے قید میں رہنے سے کوئی پریشانی نہیں، مختلف موضوعات پر کتابیں پڑھ رہا ہوں۔

بانی پی ٹی آئی نے وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو ہدایت کی ملک بھر میں جلسے کریں لیکن کوئی لڑائی نہ کی جائے، جلسوں ،ریلیوں کی اجازت لیں ، کوئی غیر قانونی کام نہ کیاجائے۔