اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے ڈیجیٹل معیشت ناگزیر ، مسائل کے حل اور شفافیت کیلئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے، شفافیت، بہتر طرز حکمرانی اور معاشی ترقی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔بدھ کو پہلی نیشنل ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ڈیجیٹل معیشت ناگزیر، مسائل کے حل اور شفافیت کیلئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے، شفافیت، بہتر طرز حکمرانی اور معاشی ترقی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر، انسانی وسائل کی ترقی اور ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ کیلئے پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی، تعلیمی اداروں اور ٹیک انڈسٹری کے درمیان تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ،حکومت نوجوانوں میں پیشہ وارانہ اور ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں، کاروباری اور سرکاری اداروں کے تحفظ کیلئے حکومت سائبر سکیورٹی کے شعبے کو مضبوط کر رہی ہے، دیہی علاقوں میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور سستے انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو سرمایہ کاری ،سٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کی 65 فیصد آبادی کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ماہرین کو دعوت دی کہ وہ جدت پر مبنی آئیڈیاز پیش کریں۔
مسائل کے حل، شفافیت کیلئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا: احسن اقبال
















