پاور سیکٹر ، ایف بی آر سے کرپشن ختم نہ ہوئی تو ملک کی ناو ڈوب سکتی ہے،شہباز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے بجلی مسئلے پر سیاست عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،پاور سیکٹر اور ایف بی آر کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا دونوں ادارے ٹھیک نہ ہوئے تو ملک کی ناو ڈوب سکتی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا دھرنا دینے والے سیاست برائے سیاست کر رہے ہیں، بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،ماضی میں 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، چین نے بجلی بحران حل کرنے میں تعاون کیا،بیجنگ نے سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کا عندیہ دیا پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبوں پر کام شروع ہوا اور تیز ترین سپیڈ پر منصوبے لگائے گئے،کسی معاہدے کو طعنے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہاسستی بجلی نوازشریف اور اتحادی حکومت کا ایجنڈا ہے، بجلی کے مسائل پر سیاست سے گریز کیاجائے، دو ٹوک فیصلہ کرنا چاہیے معاملے پر سیاست عوامی توہین کے مترادف ہے، کسی ایک جماعت نہیں، پوری قوم کا مطالبہ ہے بجلی کو سستی کریں، دھرنا دینے والے سیاست برائے سیاست کرر ہے ہیں، پاور سیکٹر اور ایف بی آر صحیح نہ ہوئے تو خدانخواستہ ملک کی ناو ڈوب سکتی ہے۔

شہبازشریف نے کہاحکومت کے اپنے آئی پی پیز ہیں ،کوئی ایشو نہیں،ٹیکس پیئرز پر مزید بوجھ ڈالنا قابل تعریف نہیں، تنخواہ دار پر ٹیکس ٹیکس کا احساس ہے، بعض ٹیکس تو بالکل جائز ہیں، تنخواہ داروں کا احساس ہونے کی وجہ سے200 یونٹ تک کے صارفین کو 3 ماہ تک تحفظ دینے کےلئے 50 ارب مہیا کیے ،انڈسٹریز کےلئے ساڑھے 8 روپے یونٹ بجلی کی قیمت کم کی گئی، بجلی کی قیمت کم کیے بغیر ایکسپورٹس بڑھ سکتی نہ زراعت ترقی کرسکتی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوگی تو کاسٹ اینڈ پروڈکشن کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا خیبرپختونخوا میں ایک جماعت نے 10 سالہ دور میں کیا کیا، 300 ڈیمز میں سے ایک ڈیم بھی بنا؟ پن بجلی کےلئے کتنی سرمایہ کاری گئی، باتیں کرنا آسان اور عمل مشکل ہے