لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز کی فرنس آئل سے بنائی گئی مہنگی بجلی انڈسٹری اور عوام کے لئے بوجھ بن گئی ہے،کچھ آئی پی پیز کو بجلی پیدا کئے بغیر کییپسٹی پیمنٹ ملک وقوم کے ساتھ زیادتی ہے ،50فیصد کی صلاحیت پر چلنے والے پاور پلانٹس کو 100فیصد ادائیگی قابل افسوس ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بدحالی کی شکار معیشت ایسی ادائیگیوں سے مزید ڈوب رہی ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے ،پاور سیکٹر کے گردشی قرضے سےانڈسٹری اور عوام دونوں متاثر ہورہے ہیں ،سولر انرجی کے فروغ سے مہنگی بجلی اور گردشی قرضوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آئی پی پیز نے فرنس آئل سے مہنگی بجلی پیدا کرکے بہت منافع کمالیا،اب آئی پی پیز کو بھی سولر انرجی کی طرف آنا ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے وفاق سے سولر انرجی کے فروغ کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کیلئے کہا ہے ،پنجاب حکومت انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے ،پنجاب میں سولر پینلز کی تیاری کا کارخانہ لگانے کیلئے کوشاں ہیں ،اس حوالے سے 25سے زائد غیر ملکی سولر کمپنیوں سے ملاقاتیں کر چکا ہوں ،متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے سولر انرجی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وقت کا تقاضا ہے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے: چوہدری شافع
















