واسا او پی ایس ڈائریکٹر کی نااہلی،گنج بخش ٹاﺅن میں گٹروں کے ڈھکن اور کڑے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

لاہور (اپنے نمائندے سے) واسا آن پے سکیل ڈائریکٹر گنج بخش ٹاﺅن کی نااہلی، مختلف علاقوں میں مین ہولز ڈھکن اور کڑے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، لاکھوں کے فنڈز میں خوردبرد، چوبرجی ڈسپوزل سٹیشن اور دیگر سب ڈویژنلز آفسز ڈینگی کی افزائش گاہ بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا کا شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ آن پے سکیل ڈائریکٹر گنج بخش ٹاﺅن کی نااہلی کا شکار ہورہا ہے۔ ٹاﺅن کی حدود میں مختلف علاقوں میں مین ہولز کور اور کڑے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو کسی وقت بھی جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس پر آن پے سکیل ڈائریکٹر گنج بخش کی جانب سے عملی اقدامات کرنے کی بجائے انتظامیہ کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے گلشن راوی رستم پارک ،محمدی روڈ نوناریہ مین بازار ،خد بخش روڈ، سوڈیوال ا سلام پورہ اے بلاک، سیکرٹری لوکل بورڈ دفاترز روڈ، کرشن نگر، انارکلی وغیرہ شامل ہیں ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے لاکھوں روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے تھے لیکن اسکے باوجود ٹاﺅن کی حدود میں ڈھکن اور کڑے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان کی تبدیلی پر عملی طور پر کسی قسم کے اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے، اسکے علاوہ چوبرجی چوک میں قائم ڈسپوزل کے مرکزی گیٹ اور بیرونی دیواروں پر مرکزی روڈز پر گندے پانی کے تالاب کا منظر پیش کررہا ہے۔ اسی طرح سب ڈویژنز کے مرکزی گیٹ پر پانی جمع ہونے سے ڈینگی کی افزائش کے اسباب پیدا کئے گئے ہیں۔ ماضی میں بھی ڈائریکٹر آفس اوٹ فال سے ڈینگی لاروا برآمد ہو چکا ہے اس کے باوجود اس کے تدراک کی خاطر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جاسکے جو کہ آن پے سکیل ڈائریکٹر گنج بخش ٹاﺅن کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گنج بخش ٹاﺅن کے ذاتی دفاترز اور ڈسپوزل سٹیشن کے اطراف سے سیور اور بارشی پانی کے نکاس کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا تو علاقہ میں سیوریج نظام کی بہتری کو یقینی بنانا متعلقہ ڈائریکٹر کیلئے نا ممکن دکھائی دے رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آن پے سکیل ڈائریکٹر مون سون میں لکشمی چوک کو کلیئر کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ سیاسی شخصیات کی خوشنودی حاصل کرتے ہوئے ایم ڈی واسا کو ”سب اچھا“ کی رپورٹ پیش کردی جائے جو کہ فوٹو سیشن تک محدود دکھائی دے رہی ہے۔ گنج بخش ٹاﺅن کے متعدد علاقہ جات میں سیوریج نظام تباہ حالی کا شکار ہے جس پر روزنامہ ”مشرق“ نشاندہی کریگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر گنج بخش ٹاﺅن اور متعلقہ ایس ڈی اوز کو متعدد مرتبہ ڈھکن اور کڑوں کے ٹوٹنے کی شکایات کر چکے ہیں لیکن انکی جانب سے بتایا جاتا ہے کہ واسا مالی بحران کا شکار ہے۔ ابھی ڈھکن اور کڑے موجود نہیں ہیں جیسے محکمہ کی طرف سے فنڈ ملتا ہے تبدیل کردئیے جائیں گئے اسوقت تک احتیاط سے کام لیں۔