وزیراعظم نے برآمدات سالانہ 60 ارب ڈالر تک لےجانے کا ہدف دےدیا


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم نے ملکی برآمدات سالانہ 60 ارب ڈالر تک لےجانے کا ہدف دیدیا۔

قومی ترقی برآمدات بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا وزارت تجارت و متعلقہ ادارے 3 سال میں برآمدات 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کےلئے عملی اقدامات کریں، گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات 30 ارب ڈالر سے زائد رہیں، حکومتی پالیسیوں کی بدولت آئی ٹی برآمدات 3.2 ارب ڈالر سے تجاوز کرنا خوش آئند ہے۔

شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کے مسائل آئندہ 2ہفتے میں حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہر ڈیڑھ ماہ بعد برآمدات بورڈ کے اجلاس کی خود صدارت کروں گا، برآمدات بڑھانے میں کردار ادا کرنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو سلام پیش کرتے ہیں،وزارت تجارت برآمدات کی استعداد رکھنے والے شعبوں کے نمائندوں سے مل کر تجاویز کو حتمی شکل دے۔

وزیراعظم نے کہا زرعی برآمدات میں اضافے کےلئے وزارت فوڈ سکیورٹی صوبوں کےساتھ مل کرسروسزکی بہتری کےلئے کام کرے، معیاری بیج ،زرعی اجناس کی مزید پراسیسنگ کرکے برآمد یقینی بنائی جائے، زرعی اجناس کی زیادہ پیداوار والی اقسام کو متعارف کرانے کےلئے بھی اقدامات تیزکیے جائیں،شہباز شریف نے کہا صنعتوں کےلئے بجلی کی لاگت کو کم کرنے کےلئے وزارت بجلی جامع منصوبہ دے، دنیا بھر میں نجی شعبہ کسی بھی ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، نجی شعبے کے مسائل کے حل کےلئے پالیسی کی تشکیل کے عمل کا حصہ بنایا جائے،ملکی ترقی کیلئے سب کو محنت کرنی ہے، ایف بی آر کی جانب سے برآمد کنندگان کے ریفنڈز میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائےگا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین زھانگ بن (Zhang Bin) کی قیادت میں چینی کمپنی ہینگینگ ٹریڈ کمپنی (Hengeng Trading Company) کے وفد نے ملاقات کی،چینی وفد کی جانب سے بریفنگ دی گئی، ہینگینگ ٹریڈ کمپنی پاکستان میں زراعت، لائیو سٹاک، ادویات و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، ہینگینگ ٹریڈ کمپنی 50 ملین ڈالر کی لاگت سے گوادر میں جدید سہولیات سے آراستہ ذبحہ خانہ (سلاٹر ہاوس) تعمیر کر رہی ہے، سلاٹر ہاوس کی تکمیل سے پاکستان کے لائیو سٹاک شعبے سے چین کو 30 ملین امریکی ڈالرز (8ارب 34 کروڑ روپے) تک سالانہ کی برآمدات ہوں گی،مقامی لوگوں کیلئے ایک ہزار کے قریب نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ہینگینگ ٹریڈ کمپنی فارماسیوٹیکل مصنوعات کو گوادر فری زون میں پراسیس کر کے چین کو برآمد کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں، میرے حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان ، چین کی کمپنیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر بزنس ٹو بزنس معاہدے طے پائے جو انتہائی خوش آئند امر ہے، پاکستان زراعت کے شعبے میں چین کی کامیابی سے استفادہ چاہتا ہے،گوادر پورٹ اتھارٹی چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے۔

مزیدبرآں وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میریدوف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے ترکمانستان کے عظیم رہنما گربنگولی بردی محمدوف کےساتھ رواں ماہ کے شروع میں آستانہ میں ہونے والی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا بردی محمدوف کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں،شہبازشریف نے دونوں وزرائے خارجہ کی قیادت میں پاکستان ،ترکمانستان کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے اداروں کی عمل میں باقاعدہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

شہبازشریف نے ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے خصوصی کردار ،تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری و ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی،تاپی گیس پائپ لائن و دیگر منصوبوں کی جلد تکمیل کےلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف وزارتوں ، بیوروکریسی کی کارکردگی سے ناخوش ہیں، وزارتوں کی قابل عمل ترقیاتی منصوبے بنانے کی عدم صلاحیت کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت 10 وزارتوں میں کنسلٹنٹ رکھنے کی اجازت دےدی۔

شہباز شریف نے کہا سرکاری افسروں کی محدود صلاحیت و ناقص کارکردگی کے باعث ترقیاتی بجٹ پورا خرچ نہیں ہوتا، وزارتوں کا ترقیاتی بجٹ لیپس نہیں ہونا چاہیے، وزارتیں بہترو قابل عمل ترقیاتی منصوبوں اور تیزی سے تکمیل کی پلاننگ کریں،وزیراعظم نے وزارت آئی ٹی سمیت 10 وزارتوں کو پیشہ وارانہ مشیر رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ضرورت پڑنے پر مزید وزارتوں کو بھی پیشہ وارانہ مشیر رکھنے کی اجازت دی جائے گی، امید ہے پیشہ ور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے سے وزارتوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔