فیصل آباد:(صداقت علی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس نے مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کو اربوں روپے کی بلاجواز ادائیگیوں کے خلاف احتجاج شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس ڈاکٹر سجاد ارشد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کئے جائیں۔ مہنگی بجلی کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر نے کام بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، حکمران 240 ملین عوام کو بچا لیں یا پھر چالیس آئی پی پیز کو بچا لیں۔ ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ ہمارے گلے میں آئی پی پیز کا پھندا ڈال دیا گیا ہے جس نے ہمارا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ انڈسٹری کو ستر سے اسی روپے فی یونٹ بجلی خریدنا پڑ رہی ہے۔ ان حالات میں کام نہیں چل سکتا۔ زیادہ تر لوگ انڈسٹری بند کر کے بیرون ملک انڈسٹری لگا رہے ہیں۔ حکومت نے آئی ایم ایف کا پیکج دیا ہے جس کے نتیجے میں انڈسٹری بڑی تیزی کے ساتھ بند ہو رہی ہے۔ اب حکومت سولر پر ٹیکس لگانے جا رہی ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ عوام 43 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کریں۔
ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا حکومت فی الفور آئی پی پیز کے مسئلے کو حل کرے۔پرانے معاہدے ختم کر کے نئے معاہدے کئے جائیں۔ دو آئی پی پیز نے معاہدے واپس لے لئے ہیں۔ تمام کاروباری برادری سراپا احتجاج ہے۔ صنعت کار بلوائی نہیں ہوتے۔ تمام تاجر تنظیموں نے لائحہ عمل تیار کر لیا یے۔ ہم کسی سیاسی جماعت کے ساتھ مل کر احتجاج نہیں کریں گے۔ تمام چیمبرز آف کامرس متفقہ لائحہ عمل طے کر کے احتجاج کا اعلان کریں گے۔
فیصل آباد:آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف احتجاج کا اعلان
















