ہائی سٹریٹ کی سیوریج لائن کو کشادہ کیا جائے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں جاری سیوریج لائن بچھانے کے کام کی تفصیلات طلب کر لیں، سیوریج لائن بچھانے کیلئے کی گئی کھدائی کو ساتھ ساتھ فل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ہائی سٹریٹ کی سیوریج لائن کو کشادہ کیا جائے تاکہ مصروف ترین کمرشل ایریا کے سیوریج کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام پر زور دیا کہ بس اڈوں سے اڈہ فیس ریکوری کو بڑھایا جائے اور شہر میں موجود باڑوں کو ختم کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے نائن ایل نہر واکنگ ٹریک کی تعمیر کے کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان نے بتایا کہ عارف والا روڈ پر صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے جس سے سڑک کی ٹی ایس ٹی کے کام میں آسانی ہوگی۔