حکومتی فیصلہ بچگانہ، کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی: پیپلز پارٹی، اے این پی، پاکستان عوام پارٹی

اسلام آباد، پشاور، کراچی، لاہور (بیورو رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی، اے این پی، پاکستان عوام پارٹی اور جماعت اسلامی نے تحریک انصاف پر پابندی کے فیصلے کو بچگانہ قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماوں نے قیادت کو کھل کر فیصلے کی مخالفت کرنے کی تجویز دی، پیپلز پارٹی کے بعض رہنماو¿ں نے عطا تارڑ کے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بیان پر تعجب کا اظہار کیا،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماوں نے موقف اختیار کیا پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لینے کا علم نہیں، ہماری جماعت حکومت کے فیصلے کو سپورٹ نہیں کرتی،ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے کھل کر پابندی کے فیصلے کی مخالفت کی، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹر ی حسن مرتضیٰ نے کہا سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کسی طور پر درست نہیں،پی ٹی آئی پر پابندی اور رہنماو¿ں پر آرٹیکل6 لگانے سے متعلق حسن مرتضیٰ نے کہا سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کسی طور پر درست نہیں، سیاسی اختلافات کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پارٹی کو ختم ہی کر دیا جائے سیاسی جماعتوں کو جمہوری طرزعمل اپنانا چاہیے، آرٹیکل 6 سابق جنرل مشرف اور جنرل ضیاءالحق پر لگنا تھا جو نہیں لگایا گیا، سیاسی پارٹیوں کے رہنما اور کارکن آرٹیکل 6کے زمرے میں نہیں آتے،پابندیاں لگا کر کسی سیاسی جماعت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، ملکی مسائل کا واحد حل پابندیاں نہیں ڈائیلاگ ہیں،ادھرحکومتی فیصلے پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا وفاقی حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ بچگانہ اور غیر دانشمندانہ ہے، سیاسی جماعتوں کا راستہ پابندیوں اور رکاوٹوں سے بند نہیں کیا جاسکتا، تحریک انصاف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن حکومت کا اقدام بیوقوفی ہوگی، ملک کو مسائل کا گڑھ سیاسی جماعتوں نے نہیں دفاعی اداروں اور اسٹیبلشمنٹ نے بنایا ہے، ان لوگوں کی نشاندہی کرنی ہوگی جو سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے اصل ذمہ دار ہیں، ملک کے مجرم وہ ہیں جنکی وجہ سے ہماری خارجہ و داخلہ پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہیں، سیاسی جماعتوں کو جن قوتوں نے اس نہج پر پہنچایا ہے اصل احتساب ان کا ہونا چاہیے دوسر ی جانب عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانا چاہتی ہے، اس کی کوئی مثال نہیں، آپ ملک جوڑنے کے بجائے مزید تفریق ڈالنا چاہتے ہیں،حکومت پریس کانفرنس کرکے کیا تاثر دینا چاہتی ہے؟ کیا آپ اداروں میں تصادم چاہتے ہیں، فیصلے سے سپریم کورٹ نے اپنے گناہوں کو دھویا ہے، شاید وزرا کو احساس نہیں حکومت کسی پر پابندی نہیں لگا سکتی، ان کو آرٹیکل 6 لگانے کا بہت شوق ہے، اگر آرٹیکل 6 لگا تو بہت سے لوگوں پر لگ جائے گا، آج اور کوئی راستہ نہیں آپ کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا پڑے گا، اکیلے بیٹھ کر پارلیمان نہیں چلتا، اپوزیشن پارلیمان اور جمہوریت کا حسن ہوتا ہے ،مزید برآں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے تحریک انصاف پر پابندی کے فیصلے کی مذمت کردی،منعم ظفرخان نے ایکس پر لکھا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ قابل مذمت ہے، حیرت ہے ماضی میں جو کام ڈکٹیٹر کرتے تھے وہ اب سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت سے کرنے جارہی ہیں،جمہوریت میں ان پابندیوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ، اصل اہمیت عوام کی رائے کی ہے، پی ڈی ایم حکومت اس بات کو تسلیم کرے اور غیر جمہوری فیصلوں سے باز رہے۔ پاکستان کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے نہ کہ عدم استحکام کی،علاوہ ازیں پی ٹی آئی پر حکومت کے پابندی کے فیصلے پر ایم کیو ایم پاکستان نے موقف دینے سے گریز کیا ہے،ایم کیو ایم پاکستان کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کو حکومت نے اعتماد میں لیا اور نہ ہی مشاورت کی، آج کل چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں ،تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے فیصلے پر مسلم لیگ ق نے کہا حکومتی اہم اتحادی ق لیگ بھی پابندی اور آرٹیکل 6 کے فیصلہ سے لاعلم ہے، ق لیگ کے مطابق معاملہ پر حکومت نے ہمیں نہیں پوچھا،ق لیگ کی جانب سے کہا گیاہے معاملہ اب نوٹس میں آیا ہے، پارٹی میں مشاورت کریں گے، پارٹی مشاورت کے بعد ہی فیصلہ پر ردعمل دیا جائے گاجبکہ ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان (ایچ آرسی پی) نے حکومت کی جانب سے پی آئی ٹی پر پابندی کے فیصلے کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا،ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے فیصلے پرحیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اقدام نہ صرف آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت پارٹی ممبران کے ایسوسی ایشن کے حق کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ جمہوری اصولوں کےلئے بھی بہت بڑا دھچکا ہے، ایچ آر سی پی مطالبہ کرتی ہے غیر آئینی فیصلے کو فوری واپس لیا جائے، اس طرح کے اقدامات سے ملک میں پولرائزیشن ، سیاسی افراتفری اور تشدد کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا۔