ساہیوال (بےورو رپورٹ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے بورڈ آف گورنرز کا کمشنر آفس میں 58واں اجلاس، چیئرپرسن /کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے صدارت کی۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی جس کے تحت طالب علم کو پریکٹیکل اور تھیوری میں الگ الگ پاس ہونا ضروری ہو گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت، سی ای او ایجوکیشن چوہدری اکرام اور تمام بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ بورڈ نے کسی بھی طالب علم کو مارکس میں بہتری کیلئے 4سال کے عرصے کے دوران امتحان دے سکنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی جو ان کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے۔ اجلاس میں کمشنر نے بورڈ کے 11ممبران پر عرصہ دراز سے زیر التواءانکوائریوں پر ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں جلد مکمل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سال2024کیلئے مختلف امتحانات کے شیڈول کی بھی منظوری دی گئی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے دونوں بس اڈوں پر مسافروں کیلئے سہولیات بہتر کرنے کی ہدایت کر دی، کارپوریشن فوری طور پر صفائی کو بہتر کرے، انتظار گاہ میں ٹھنڈے پانی کی سہولت یقینی بنائے اور واش رومز کو دن میں متعدد بار صاف کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد رسول وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے شہروں کے مسافر ساہیوال میں ہمارے مہمان ہیں جن کے آرام کا خیال رکھنا اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنا کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بس اڈوں سے ہونے والی روزانہ کی ریکوری کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی جو کچھ عرصہ سے کم ہو رہی ہے۔ اس موقع پر چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ شہر کے دونوں بس اسٹینڈز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صاف اور ٹھنڈے پانی کیلئے واٹر کولرز لگائے گئے ہیں جبکہ مردانہ و زنانہ واش رومز بھی صفائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پسپ حکام پر زور دیا کہ وہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں کے میڈین اور کناروں پر موسمی پھول لگائیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ کمشنر نے کل کی بارش کے بعدپانی کی نکاسی کیلئے کارپوریشن کے عملے کی فرض شناسی کو سراہا اورہدایت کی کہ سیوریج لائنوں کی صفائی کے جاری کام کو بھی تیز کیا جائے۔
دوسرے شہروں کے مسافر ساہیوال میں ہمارے مہمان ہیں : کمشنر ساہیوال
















