لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) سرکاری سکولوں کا معیارِ تعلیم پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنانے کیلئے نظام تعلیم میں نئی اور جدید اصلاحات لا رہے ہیں۔ ان ہونہاروں کی موجودگی میں کامل یقین ہے ملک کا مستقبل انتہائی تابناک اور روشن ہے۔نئی نسل کو نظریہ¿ پاکستان اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ادارہ نظریہ پاکستان نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت کرکے ایک اہم کام سرانجام دے رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں نے ایوان قائداعظم جوہر ٹاﺅن میں نظریاتی سمر سکول کے 24ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے اختتام پرمنعقدہ تقریب تقسیم اسناد کے دوران کیا۔نظریاتی سمر سکول کا اہتمام ادارہ نظریہ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا ۔”پاکستان سے پیار کرو“ کا ماٹو رکھنے والے اس سکول میں 6سے 13سال کی عمر کے طلبا ءو طالبات کوایک ماہ تک اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل اساتذہ کی زیر نگرانی نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ نصاب اور نہایت دلچسپ و عام فہم انداز میں ذہنی وجسمانی نشوونماکے مواقع فراہم کئے گئے ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں نے کہا میں یہاں نظریہ پاکستان کو سیکھنے ‘ سمجھنے اور سپورٹ کرنے آتا ہوں۔ یہاں نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے آگہی فراہم کی جا رہی ہے ۔ آپ قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل کریں اور ہمیشہ سچ بولیں۔ ہماری نئی نسل بڑی باصلاحیت ہے اور انہیں نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس نظریہ کو زندہ رکھنے میں اس ادارہ کا کردار بڑا اہم ہے۔ یہ ادارہ قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے بھی نسلِ نو کو آگاہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا میں تعلیم کا سپاہی ہوں اور ہم نظام تعلیم میں نئی اور جدیداصلاحات لا رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر اس کا معیارِ تعلیم اس سطح تک لے جانا چاہتے ہیں کہ پرائیویٹ سکول کے بچے سرکاری سکول میں داخلہ لینے کیلئے بیتاب ہوں۔ایک سال بعد جب دوبارہ یہاں آﺅں گا تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ خود مجھے بتائیں گے کہ سرکاری سکولوں کا معیارِ تعلیم اعلیٰ پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے بہتر ہو گیا ہے۔ آئندہ سے سکولوں میں ہفتے کا دن اساتذہ کرام کی ٹریننگ کیلئے مخصوص کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔میں نے تحریک پاکستان کی داستانیں اپنے بزرگوں سے سن رکھی ہیں کہ اس وطن کی خاطر کتنی قربانیاں دی ہیں۔ تقریب سے سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف،سینئر صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی،ماہر تعلیم پروفیسر عابد شیروانی،سہیل لاشاری،نظریاتی سمر سکول کی چیف کوآرڈی نیٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان،سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل نے بھی خطاب کیا ۔اختتامی تقریب میں میاں سلمان فاروق‘ مجاہد حسین سید‘ بیگم صفیہ اسحاق‘ سیف اللہ چوہدری ‘ عثمان احمد‘اساتذہ کرام‘ نظریاتی سمر سکول کے طلبہ اور انکے والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں‘ میاں فاروق الطاف ،مجیب الرحمن شامی ، عابد شیروانی نے نظریاتی سمر سکول کی اساتذہ¿ کرام اور ہونہار طلباوطالبات میں سرٹیفیکٹس تقسیم کئے۔
سرکاری سکولوں کا معیار نجی اداروں سے بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کرینگے :صوبائی وزیر تعلیم



















