بڑھتی آبادی کا عفریت وسائل کو کھا رہا ہے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ بڑھتی آبادی کا عفریت وسائل کو کھا رہا ہے جس سے عام آدمی تک بنیادی شہری سہولیات نہیں پہنچ رہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام میں شعور اجاگر کر کے بڑھتی ہوئی آبادی بڑھنے کی رفتارکم کی جا سکتی ہے۔ وہ یہاں ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں محکمہ بہبود آبادی ساہیوال کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راو شاہد رضا خان اور ڈی او ایلیمنٹری ایجوکیشن خادم حسین موہل سمیت محکمہ بہبود آبادی کے افسران اور فیلڈ سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر قابل عمل پالیسیاں بنانے کیلئے درست اعدادوشمار (ڈیٹا) کی بڑی اہمیت ہے اسلئے فیلڈ سٹاف کا فرض ہے کہ درست ڈیٹا کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بہبود آبادی کے پیغام کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے سادہ زبان میں سوشل میڈیا مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ اس سے پہلے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راو شاہد رضا خان نے بتایا کہ محکمے نے عوام کے رویوں میں تبدیلی لانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی ہے تاکہ اس اہم سماجی مسئلے پر عام آدمی کی سوچ کو تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سروسز کی فراہمی کیلئے ہیلپ لائن 1793بھی موجود ہے جس پر کال کر کے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ تقریب کے آخر میں بہتر کارکردگی پر فیلڈ سٹاف میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔دوسری طرف پسپ پروگرام کے تحت فرید ٹاون میں اکھاڑی گئی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع ہو گیا ہے جسے اسی ہفتے مکمل کر لیا جائیگا۔ یہ بات سٹی منیجر علی خان نے کمشنر آفس میں منعقدہ پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کہی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹرڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد رسول وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ علی خان نے بتایا کہ فرید ٹاون روڈ پر سڑک کی مرمت کا کام بھی جاری ہے اور محرم الحرام کے بعد کالج روڈ پر بھی سیوریج لائن ڈالنے کا کام شروع کردیا جائے گا تاکہ اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ ان سڑکوں کو بہترین حالت میں بحال کیا جائے اور سائیڈ روڈ ڈرینز کو بھی بہتر کیا جائے۔ انہوں نے راجباہ9ایل پر جاری صفائی کے کام کو خوش آئند قرار دیا اور پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ لاہور بائی پاس سے پل چک نمبر134/9L تک واکنگ ٹریک بھی بنایا جائے تاکہ عوام اس سہولت سے بہتر انداز میں مستفید ہو سکیں۔ بعدازاں انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے فرید ٹاون، کالج روڈ، ہائی سٹریٹ اور آڑاتلہ روڈ پر جاری کاموں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سڑکوں کی بحالی کے کام میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام منصوبوں کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اس کے فنگشنل ہونے سے شہر کے سیوریج مسائل پر قابو پایا جا سکے۔