کراچی سے خیبر تک ہڑتال،ملیں بند، آٹا بحران،چاول کی فروخت پر بھی ٹیکس نافذ

لاہور،کراچی،کوئٹہ،پشاور،اسلام آباد: (کامرس رپورٹر،نمائند گان)مذاکرات پھر ناکام،کراچی سے خیبر تک ہڑتال،ملیں بند،آٹا بحران،حکومت نے چاول کی فروخت پر بھی ٹیکس نافذ کردیا۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کےخلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال سے ملک بھر میں آٹے کی سپلائی بندکردی گئی،فلور ملز کے بیرونی دروازوں پر ملز کی بندش اور احتجاجی ہڑتال کے بینرز آویزاں کردئیے گئے۔

چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ساو¿تھ عامر عبداللہ نے کہابھینس کالونیوں اور جانوروں کے چوکر کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوگی،ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے آٹا 8 سے 10روپے کلو مہنگا ہوگا، فلور ملز میں پسائی کا عمل مطالبہ تسلیم نہ ہونے تک بند رکھیں گے، فلور ملرز ودہولڈنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے، ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے۔

دریں اثنا چیئرمین ایف بی آر نے آٹے پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے سے انکار کردیا،مذاکرات میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا آٹے کے بزنس پر ود ہولڈنگ ٹیکس اور فلورملز پر عائد سالانہ ٹرن اوور ٹیکس ختم کیا جائے ،چیئرمین ایف بی آر نے کہا آئی ایم ایف کی جانب سے ریٹیلرز ٹیکس پیئر پر کڑی شرائط عائد ہیں ،فلور ملزکے آٹا ڈیلر اور ریٹیلرز پر سے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم نہیں کیا جاسکتا،ادھر آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے کہا ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے سے مستثنیٰ قراردیا جائے،ساڑھے 5فیصد ودہولڈنگ ٹیکس سے آٹا مہنگا ہوگا،حکومت یا ایف بی آر نے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا، مطالبہ پورا ہونے تک ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔

دوسری جانب آٹے کے بعد چاول کی فروخت پر بھی ایڈوانس اور ود ہولڈنگ ٹیکس لگا دیا گیا، ڈسٹری بیوٹر یا ڈیلرز سے ٹیکس کی وصولی مینوفیکچرر ،کمرشل امپورٹر کریں گے، اعشاریہ ایک فیصد ٹیکس ڈسٹری بیوٹر، ڈیلرز سے وصول کیا جائے گا،نان فائلر کی صورت میں ایڈوانس ٹیکس 2 فیصد ہوگا۔