سویلینز ٹرائل کیس،انسانوں کیساتھ غیر انسانی سلوک نہ کریں:سپریم کورٹ کا حکم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے نسانوں کیساتھ غیر انسانی سلوک نہ کرنے کاحکم دےدیا۔

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف کیس کی سماعت جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصور اعوان نے دلائل دیتے ہوئے بتایا ملزمان کے ساتھ میٹنگ فکس ہیں، صرف لاہور میں ملاقات کا مسئلہ بنا تھا، حسان نیازی لاہور میں ہیں، میں نے متعلقہ حکام کو تجویز دےدی ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اگر تفتیش مکمل ہوگئی تو جوڈیشل کسٹڈی میں کیوں ہیں؟ پھر تو معاملہ ہی ختم ہوگیا، آپ ملزمان کے ساتھ سلوک تو انسانوں والا کریں۔

جسٹس عرفان سعادت نے ریمارکس دیئے اٹارنی جنرل صاحب انسانوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک نہیں ہو سکتا،جسٹس علی مظہر نے کہا آپ پہلے بتاتے تھے ہر ہفتے ملزمان کی فیملی سے ملاقات ہوتی ہے، آپ اس کو جاری کیوں نہیں رکھتے؟ اٹارنی جنرل آپ کا بیان عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے، لطیف کھوسہ نے کہا ایک ملزم کو فیملی سے نہیں ملنے دیا گیا، اس کا 5 سالہ بچہ فوت ہوگیا ،بعد ازاں جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا ہر سماعت پر ہمارا آرڈر درکار ہے؟ جسٹس جمال مندوخیل نے دریافت کیا ملزمان کا اگر جسمانی ریمانڈ ختم ہوگیا ہے تو وہ جیل میں کیوں نہیں ہیں؟ اٹارنی جنرل نے بتایا ملٹری کورٹس میں جوڈیشل ریمانڈ نہیں دیا جاتا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے دریافت کیا اہل خانہ سے ملاقاتیں کرانے کیلئے فوکل پرسن کون ہے؟، ڈائریکٹر لاءبریگیڈیئر عمران عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا ایک نمبر ملزمان کے اہلخانہ کو دیا گیا جس پر وہ رابطہ کر سکتے ہیں، وہ نمبر ہر وقت رابطے کیلئے میسر رہتا ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے دریافت کیا آپ کے پاس کوئی تفصیلات ہیں ملزمان کے اہلخانہ سے متعلق؟ ڈائریکٹر لاءنے جواب دیا میرے پاس اس وقت تفصیلات نہیں ۔

، جسٹس حسن اظہر نے مزید کہا جن کے بچے کی وفات ہوئی ہے انہیں اہلخانہ سے فوری طور پر ملوایا جائے،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا جن سے تفتیش مکمل ہو چکی وہ جیلوں میں کیوں نہیں بھیجے گئے؟ تفتیش کیلئے متعلقہ اداروں کے پاس ملزم رہے تو سمجھ آتی ہے، تفتیش مکمل ہوچکی تو ملزمان کو جیلوں میں منتقل کریں، اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جیلوں میں منتقلی میں کچھ قانونی مسائل بھی ہیں، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی مظہر کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا، جسٹس شاہد وحید نے کہا آپ ہمیں غلط دکھائے بغیر ہم سے نیا اور الگ فیصلہ چاہتے ہیں، جسٹس علی مظہر نے کہا اپیل میں اگر کیس آیا ہے تو پھر سب کچھ کھل گیا ہے، جسٹس شاہد وحید نے کہا یہ نکتہ نظر میرے ساتھی کا ہو سکتا ہے میرا نہیں، ہمیں اس اپیل کا سکوپ دیکھنا ہے،اٹارنی جنرل نے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سیکشن 5 کے تحت اپیل کا سکوپ وسیع ہے،جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا ہم اپیل میں کیس کو ریمانڈ بھی کر سکتے ہیں؟۔

اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا آپ کے پاس ریمانڈ کرنے کا اختیار نہیں ہے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے آپ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں؟ اپیل میں فیصلہ کالعدم برقرار یا ریمانڈ کیا جا سکتا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ اپیل کا سکوپ وسیع ہے تو آگے بڑھیے، جسٹس عرفان سعادت خان نے کہا اٹارنی جنرل صاحب ایک جواب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ اپیل ہے، ریویو نہیں، اٹارنی جنرل نے دلائل دیئے وفاق یہاں عدالت کے سامنے ایک قانون کا دفاع کرنے کھڑا ہے، عدالت کو اس بات کو سراہنا چاہیے، جس قانون کو کالعدم کیا گیا وہ ایسا تنگ نظر قانون نہیں تھا جیسا کیا گیا،اٹارنی جنرل نے آرمی ایکٹ کی کالعدم شقوں پر دلائل دیئے۔

،جسٹس شاہد وحید نے وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کیا فرد جرم سے پہلے کیس ٹرانسفر ہو سکتا ہے؟ جسٹس علی مظہر نے پوچھا کیس فرد جرم سے قبل یا بعد کسی بھی وقت ٹرانسفر ہوسکتا ہے؟،جسٹس جمال مندوخیل نے خواجہ حارث کو ہدایت کی کیس کے دائرہ اختیار کے حوالے سے بھی آگاہ کریں،اسی کے ساتھ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی، عدالت نے ریمارکس دیئے بنچ کی دستیابی پر کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر ہوگا۔