وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا :سردار ایاز صادق/ غلام مصطفی شاہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوانوں کی قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے سپاہی اسد ، سپاہی سفیان اور زین علی کو دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہا ر کیاہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ دکھ اور غم کی گھڑی میں شہداءکے اہل خانہ کے غم اور صدمے میں برابر کا شریک ہوں،وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ملک دشمن شرپسند عناصر دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔