عدت نکاح کیس : بشریٰ بی بی کے وکیل نے التوا کیخلاف درخواست دائرکردی

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل نے التوا کیخلاف درخواست دائرکردی۔ اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی، بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر، عثمان گل اور خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے اپنے دلائل مکمل کرلئے تھے۔

آج سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیئے کہ سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ عدت کے دورانیہ پر اپنے دلائل دے چکے ، میں عدت کے دورانئے کے حوالے سے سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کے دلائل اپناتا ہوں۔ اس موقع پر خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف چوہدری کے معاون وکیل نے عدالت کے سامنے پیش ہوتے ہوئے، وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی، انہوں نے استدعا کی محرم الحرام کو دیکھتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔

اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ میں اس درخواست پر اپنا جواب لکھوں گا ، جو کیس عدالت کی جانب سے فکس ہوں ان میں سماعت ملتوی کی درخواست نہیں دی جاسکتی، اس درخواست میں کیس کے چلنے کا کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔ جج نے ریمارکس دئیے کہ آپ اپنے دلائل دیں ، میں ہائیکورٹ سے بات کرتا ہوں ، میں سماعت ملتوی کرنے کے حوالے سے ہائی کورٹ سے ڈائریکشن لے لیتا ہوں۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے مزید کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے ، اس بات پر توجہ لازمی دی جائے کہ اس درخواست میں کیس کی صورتحال کا ذکر نہیں کیا گیا ، ہائی کورٹ کے علم میں یہ بات لائی جائے کہ درخواست میں ٹائم فریم کو چھپایا گیا ہے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں مختصر وقفہ کردیا۔ وقفے کے بعد دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت شروع ہوئی ، جج افضل مجوکا نے سلمان صفدر سے مکالمے میں کہا کہ درخواست کے بارے میں ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا ہے ، ہائیکورٹ کی جو ڈائریکشن ہوگی اس کے مطابق دیکھیں گے ، آپ آج دلائل دیں۔

معاون وکیل زاہد آصف چودھری نے دلائل پر اعتراض اٹھایا کہ ہائیکورٹ کی ڈائریکشن کے بعد ہی دلائل ہوں گے جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ حیرت ہے وکیل صاحب ملک میں، بلکہ اسلام آباد میں موجود ہیں ، شاہ رخ ارجمند صاحب کی طرح ادھر بھی وہی حربے استعمال کیے جارہے ہیں ، آپ نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کی عدالت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطلی کی درخواستوں پر دس دن کا وقت دیا کہ فیصلہ کیا جائے ، آپ نے وہ مکمل کرکے فیصلہ کردیا اب سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر فیصلہ ہونا ہے ، یہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور آپ کے حکم کی عدولی کی جارہی ہے ، آپ ان کو راستہ دکھا دیں کہ یا تحریری دلائل دے دیں یا وکیل تبدیل کرلیا جائے آپ کے پاس اختیار ہے کہ اس درخواست کو خارج کردیں ، پ نے ہائیکورٹ کا حکم ماننا یا سیشن جج کا حکم ماننا ہے۔

جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کا حکم اہمیت رکھتا ہے اس کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتا ، وکیل تبدیل کرنے کیلئے آپ لمبے پراسس پر جا رہے ہیں اس میں دوبارہ نوٹس جاری کرنا پڑے گا۔