شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو انتہائی سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے لاہور کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج آج کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کریں گے۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کو لاہور میں درج سانحہ 9 مئی مقدمات میں عدالت کے سامنے پیش کیا جائیگا۔

لاہور پولیس کی جے آئی ٹی ٹیم نے شاہ محمود قریشی سے دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں تفتیش مکمل کی تھی جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے سامنے پیش کیا جانا تھا۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج آج کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی مقدمات کی سماعت کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل میں عدالت کے سامنے پیش کیا جائیگا، عدالتی احکامات کے بعد شاہ محمود قریشی کو لاہور یا اڈیالہ جیل رکھنے کا فیصلہ ہوگا، ان کی قانونی ٹیم بھی لاہور روانہ ہوچکی ہے۔