محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کیلئے ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد (مشرق نیوز) محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ وفاق نے صوبوں کی درخواست پر فوج کو بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کتنی تعدادمیں اور کہاں کہاں فوج تعینات ہونی ہے، فیصلہ صوبے کریں گے، فوج کی واپسی سے متعلق فیصلہ باہمی مشاورت کی کیا جائیگا۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے سلسلے میں پولیس کی معاونت کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کی تھیں۔

محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں فوج اور رینجرزطلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج اور رینجرز کی 150 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ فوج کی 69 اور رینجرز کی 81 کمپنیاں تعینات کرنے کیلئے مراسلہ جاری کردیاگیا، ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا تھا کہ یکم سے 12 محرم کے دوران خدمات طلب کی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت پنجاب نے محرم الحرام کی سکیورٹی کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی جبکہ حکومت سندھ اور حکومت خیبر پختونخوا نے محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے کراچی اور پشاور میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی تھی۔