چیئرمین متروکہ وقف املاک کی تعیناتی، اسٹیبلشمنٹ کی فہرست مسترد

لاہور (سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر اسٹیبلشمنٹ کی متروکہ وقف املاک بورڈ کیلئے تیار کی گئی چیئرمین کی لسٹوں کو مسترد کردیا جبکہ صدر مملکت، وزیراعظم اور چیئرمین سینٹ نے نئے چیئرمین کیلئے تین ناموں پر غور کیا ہے جن میں سے ایک کو 15 یوم میں چیئرمین متروکہ وقف املاک منتخب کئے جائیگا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی سیٹ طویل عرصہ سے خالی ہے اور عارضی طور پر اسکا چارج دیا جا رہا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمان گیلانی کیلئے مذکورہ سیٹ کی ایک بار پھر کوشش کی گئی جس کیلئے مختلف قواعد و ضوابط کو بھی روندا گیا اور حبیب الرحمان گیلانی سمت تین افراد کو فائنل بھی کردیا گیا تھا تاہم تین روز قبل وفاقی کابینہ نے اس لسٹ کو خارج مسترد کردیا جبکہ 2 یوم قبل صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین متروکہ وقف املاک کے سلسلے میں مشاورت کی گئی جس کے مطابق اس عہدے کیلئے سابق چیئرمین آصف ہاشمی، رکن قومی اسمبلی عامر نوید جیواہ اور ملتان سے پیپلز پارٹی کے سر گرم رکن نسیم لابر پر بات کی گئی ہے۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سید آصف ہاشمی اور نسیم لابر میں سے کسی ایک کے چیئرمین بنائے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ میٹنگ کے مطابق 15 یوم میں اسکا فیصلہ کیا جائیگا۔