لاہور (اپنے رپورٹر سے) تحریک انصاف کی سیاست صرف اور صرف انتقام سے بھری ہے۔ بطور سپیکر پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران کسی بھی صورت گالیاں برداشت نہیں کروں گا، اسمبلی کو آئین اور قانون کے مطابق چلا رہا ہوں، اساتذہ کی بھرتیاں سیاسی بنیادوں پر کرنا جرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے گلوبس یونیورسٹی کمالیہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اساتذہ کی خالی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتی کی جائیں۔ اساتذہ کی بھرتیاں سیاسی بنیادوں پر کرنا جرم ہے، اگر ایسا ہو تو اسکا خمیازہ ہماری نئی نسل کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اسمبلی کے اندر مہذب رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ چار ماہ اپوزیشن کو ہر طرح سے چلانے کی کوشش کی مگر کچھ لوگوں نے اسمبلی کا ماحول خراب کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست صرف اور صرف انتقام سے بھری ہوئی ہے۔ بطور سپیکر اجلاس کے دوران کسی بھی صورت گالیاں برداشت نہیں کروں گا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ اسمبلی کو آئین اور قانون کے مطابق چلا رہا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہمیشہ میرٹ بلند ہوا اور کرپشن ختم ہوئی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعلیم دوست پالیسیوں سے صوبہ بھر میں تعلیمی انقلاب آئیگا۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔
پی ٹی آئی کی سیاست انتقام سے بھری، اساتذہ کی سیاسی بنیادوں پر بھرتی جرم ہے: قائم مقام گورنر پنجاب
















