رکن ممالک کی پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے آئی سی سی کو یقین دہانی

دبئی (مشرق نیوز) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کیلئے تمام رکن ممالک نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی ہے لیکن ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت اور دورہ پاکستان حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ ممبر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی 19فروری سے 9مارچ تک منعقد کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ یکم مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں رکھا گیا ہے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے تمام میچز ایک ہی وینیو لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے تمام ممبرز ممالک نے کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاہم رکن ممالک کی آئی سی سی کو یقین دہانی کے باوجود بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔ ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کو رکھا گیا ہے۔ واضح رہے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے لیکن بھارتی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر اب بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔بھارتی بورڈ کیلئے مشکل یہ ہے کہ اب دیگر بورڈ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد اب بورڈ اس معاملے میں تنہا رہ گیا ہے اور چاہتے ہوئے بھی ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آنے سے انکار نہیں کر سکتا۔