نئی دہلی (مشرق نیوز) ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم سمندی طوفان کے باعث بارباڈوس میں ہی پھنس گئی تھی جو آج خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی پہنچ گئی ، روہت شرما کی قیادت میں ٹیم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کی چیمپئن ٹیم آج صبح خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچی جہاں لاکھوں کی تعداد میں شائقین کرکٹ نے فاتح ٹیم کا استقبال کیا، جبکہ ٹیم کو سخت حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔ خصوصی طیارے میں ٹیم ارکان کے علاوہ کوچز، معاون عملہ، کھلاڑیوں کے اہل خانہ، بورڈ ممبران کے علاوہ صحافی بھی شامل تھے، ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد سمندری طوفان کے باعث بارباڈوس میں پھنسے ٹیم ارکان میں وہ کھلاڑی بھی شامل تھے، جنہیں زمبابوے کے خلاف سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور انہیں وہاں پہنچنا تھا۔ اس موقع پر بی سی سی آئی کی جانب سے قومی ٹیم کی فتح کی خوشی میں ایک خصوصی کیک بھی تیار کیا گیا تھا جو ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ، کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی نے ملکر کاٹا اور شائقین کے ساتھ ملکر جشن منایا۔ واضح رہے ابتدائی طور پر بھارت کرکٹ ٹیم کو اتوار یعنی ورلڈکپ فائنل کے اگلے روز اپنے ملک کیلئے روانہ ہونا تھا تاہم سمندری طوفان کی پیشگوئی کے باعث مقامی حکام نے ہوائی سفر بند کردیا جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم بارباڈوس میں ہی پھنس گئی تھی۔
سمندری طوفان میں پھنسی بھارتی ٹیم بالآخر نئی دہلی پہنچ گئی

















