لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے طاقتور افسروں کی حمایت حاصل ہونے کی وجہ سے بھتہ خور غیرسرکاری نوسربازوں کا نیٹ ورک پھر بحال ہوگیا، جعلی انفورسمنٹ انسپکٹر بن کر کاروباری افراد کو لوٹنے والے غیر سرکاری نوسرباز خورشید منیر، ملک وقاص اور دیگر کو متعدد زونل افسر ریگولیشن اور ہیڈکوارٹر میں بیٹھے ملازمین کی ہلہ شیری حاصل ہوگئی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ریگولیشن افسر داتا زون تنویر بلوچ مذکورہ غیرسرکاری اہلکاروں کے ذریعے کاروباری افراد کو خوب لوٹتا رہا تاہم روزنامہ ”مشرق“ میں شائع ہونے والی خبروں کے بعد نوسربازوں کو کام سے روک دیا گیا تھا لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نوسرباز ملک وقاص، خورشید منیر و دیگر کو کام کی مشروط اجازت مل چکی ہے جس میں ان سے عہد لیا گیا ہے کہ پہلے کی طرح میدان میں کھل کر کھیلنے سے وقتی طور پر پرہیز کیا جائے۔ نئے معاملات طے ہونے کے بعد نوسربازوں نے ایک مرتبہ پھر داتا زون کے ساتھ ساتھ سمن آباد زون پر بھی چڑھائی کردی ہے۔ متعدد زونل افسران ریگولیشن کو کمائی کر کے کھلانے والے مذکورہ نوسربازوں کیلئے حدود کی کوئی قید نہیں رکھی گئی جس کی وجہ سے یہ لوگ جہاں دل کرتا ہے لاکھ، لاکھ روپے کے جعلی نوٹس جاری کر کے دیہاڑیاں لگا رہے ہیں۔
بلدیہ عظمیٰ، بھتہ خور نوسربازوں کا نیٹ ورک پھر بحال ،طاقتور افسران کی مکمل حمایت


















