ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم پر انعامات کی برسات

ممبئی (مشرق نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو 15 ملین ڈالر رقم دینے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی ا?ئی سیکریٹری جے شاہ نے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم، سپورٹ سٹاف اور کوچز کیلئے بھاری انعامی رقم کا اعلان کیا۔ جے شاہ نے روہت شرما کی قیادت میں 11 سال بعد آئی سی سی ٹائٹل جیتنے پر کہا کہ میں ٹیم انڈیا کیلئے 125 کروڑ بھارتی روپے کی انعامی رقم کا اعلان کررہا ہوں جس کی بےحد خوشی ہے۔ ٹیم میں یکساں طور پر ہر کھلاڑیوں کو 6 لاکھ ڈالر بنتے ہیں۔ دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے نقد 24 لاکھ ڈالر کی رقم ملے گی۔ یہ سال 2022 میں ہونے والے آخری میگا ایونٹ سے کئی گنا زیادہ ہے جس میں فاتح انگلینڈ کو 10 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ واضح رہے بھارتی ٹیم نے گزشتہ ہفتے بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز فائنل میں 7 رنز سے شکست دیکر دوسری بار ٹی20 ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ سال 2013 کے بعد یہ پہلی ٹرافی تھی۔