قطر میں بڑی بیٹھک، افغانستان میں خواتین کے مسائل کو تسلیم کرتے ہیں: طالبان

دوحہ (مشرق نیوز) قطر کے دارالحکومت میں طالبان حکومت کے وفد نے اقوام متحدہ کے نمائندوں اور 20 سے زائد ممالک کے افغانستان کےلئے خصوصی ایلچیوں سے ملاقات کی،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا قطر میں اقوام متحدہ کےساتھ بہت سے خصوصی ایلچی اور طالبان کے نمائندوں کے ساتھ الگ بات چیت شروع ہو گئی،طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وفد کی قیادت کی،2 روزہ اجلاس میں افغانستان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور امدادی کاموں میں رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے حکمت عملی طے کی جائے گی،ذبیح اللہ مجاہد نے ویب سائٹ اپنے بیان میں کہا اقوام متحدہ کی میزبانی میں ہونے والی بات چیت سے پہلے، طالبان کے حکومتی وفد نے دوحہ میں روس، بھارت، سعودی عرب اور ازبکستان کے خصوصی ایلچیوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں،دوحہ میں ہونے والے اجلاس کا مقصد افغانستان کےساتھ بڑھتے ہوئے روابط اور ملک کےلئے زیادہ مربوط ردعمل، بشمول اقتصادی مسائل اور انسداد منشیات کی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا،قبل ازیں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا افغانستان میں خواتین کے مسائل کو تسلیم کرتے ہیں، لڑکیوں کے سیکنڈری سکول اور خواتین کی ملازمتوں پر پابندی کو ہٹانے جیسے معاملات پر کام کر رہے ہیں، اجلاس میں طالبان حکومت کے نمائندوں کے اعتراض کے باعث افغانستان کی سول سوسائٹی کی نمائندہ خواتین کو شامل نہیں کیا گیا۔