اپوزیشن کی ترامیم مسترد،بجٹ پاس،اربوں کے نئے ٹیکس نافذ،فضائی سفر مہنگا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد،بجٹ پاس،اربوں کے نئے ٹیکس نافذ،ریئل سٹیٹ جائیدادوں کی فروخت پر پہلی بارفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد،سٹیشنری پر دی گئی چھوٹ ختم،فضائی سفر مہنگا،اراکین اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات میں اضافہ، پٹر ولیم لیوی سمیت کئی ٹیکسوں میں ردوبدل،الیکشن ایکٹ ترمیمی بل بھی منظور،اپوزیشن کاشدید احتجاج،واک آﺅٹ،ایوان ”نونو“کے نعروں سے گونج اٹھا۔

قومی اسمبلی کااجلاس شروع ہوا تووزیر خزانہ کی جانب سے ٹیکسوں سے بھرپور 18ہزار 877 ارب کا پیش کیا گیا بجٹ منظور کرلیا گیا،اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آﺅٹ کیا،حکومتی اراکین نے ڈیسک بجاکر وزیرخزانہ سینیٹر اورنگزیب کو مبارکباد دی، اجلاس کے دور ان پٹرولیم لیوی میں کمی کےلئے پیپلزپارٹی نے ترامیم واپس لے لیں ،اپوزیشن کی ترامیم مسترد کردی گئیں،اپوزیشن نے رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا،170اراکین اسمبلی نے لیوی میں کمی کےخلاف ووٹ دےدیا،صرف 84اراکین کی جانب سے لیوی میں کمی کی حمایت کی گئی تاہم وزیر خزانہ نے خود ہی پٹرولیم لیوی میں کمی کا اعلان کر دیا۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کی زیادہ سے زیادہ شرح 70 ،پٹرول70،سپیئر کیروسین آئل 50 ، لائٹ ڈیزل آئل 50، ایچ او بی سی 70 ،ای ٹین گیسولین 50 اور مقامی ایل پی جی پر 30 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔

پیپلز پارٹی کے عبد القادر پٹیل نے پارلیمنٹ کی مراعات بڑھانے میں ترمیم ایوان میں پیش کی، ترمیم کثرت رائے سے منظور کر لی گئی ،اراکین اسمبلی کا سفری الاو¿نس 10روپے کلومیٹر سے بڑھا کر25 روپے کر دیا گیا،اراکین پارلیمنٹ کے بچ جانے والے سالانہ فضائی ٹکٹس استعمال نہ ہونے پر منسوخ کرنے کی بجائے اگلے سال قابل استعمال ہوں گے جبکہ یکم جولائی سے امریکہ ،کینیڈا کیلئے بزنس ،کلب کلاس ٹکٹ پر ایک لاکھ ،یورپ 60 ہزار،نیوزی لینڈ آسٹریلیا 60 ہزار ،دبئی، سعودیہ سمیت مڈل ایسٹ اور افریقی ممالک کے بزنس اور کلب کلاس ٹکٹس میں 30 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا،حکومت نے فنانس ترمیمی بل میں سٹیشنری پر دی گئی چھوٹ ختم کرکے 10 فیصد ٹیکس عائد کردیا۔

مقامی سطح پر تیارسولر پینل کے پارٹس کی درآمد ،بیک شیٹ فلم، کنیکٹر، کارنر بلاک، پولی تھین کمپاو¿نڈ ،پلیٹ شیٹ ،پارٹس آف سولر انورٹر ،پارٹس آف لیتھیم بیٹریز پر سیلز ٹیکس چھوٹ ہو گی، ریئل سٹیٹ کی جائیدادوں کی فروخت پر پہلی مرتبہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی گئی، بلڈر ،ڈیویلپر کی کسی بھی لانچ کردہ پروڈکٹ پر 3 فیصد ایف ای ڈی عائد ہوگی، کمرشل پلاٹ فروخت کرنے پر ایف اے ڈی عائد ہوگی، فروخت کرنے والا اگر فائلر ہوا تو 3فیصد ایف اے ڈی دے گا اگر لیٹ فائلر ہوا تو 5فیصد ایف اے ڈی دے گا ، نان فائلر ہونے کی صورت میں 7فیصد ایف اے ڈی دے گا،ٹیکس فراڈ روکنے کیلئے ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو میں ٹیکس فراڈ انویسٹی گیشن ونگ کا قیام عمل میں لایا جائے گا،ونگ ٹیکس فراڈ اور ٹیکس چوری کے خاتمے کی تحقیقات کا ذمہ دار ہو گا۔

وزیر خزانہ اورنگزیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاسرمایہ کار واپس آرہے ہیں، معیشت میں استحکام آگیا ،مزید بہتری لا رہے ہیں،ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح ساڑھے 9فیصد نہیں رہ سکتی، لیکج ، کرپشن ،چوری کو روکنا ہے، ایف بی آر میں اصلاحات ،ڈیجیٹلائزیشن کرنی ہے۔

اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا نئے مالی سال کا بجٹ عوام کیخلاف اقتصادی دہشت گردی ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے خود اعتراف کیا بجٹ آئی ایم ایف سے ملکر بنایا،کابینہ ہے یا سرکس پہلے گندم باہر سے لائے اب وہ ہی گندم باہر بیچنے کی تیاری کی جا رہی ہے، معیشت کی بنیاد کا نہیں پتہ، تیل ،آٹاا ور ڈالر کی قیمتیں بڑھیں گی، صنعتوں کےخلاف بجٹ سے اقتصادی ترقی نہیں ہوسکتی۔

عمر ایوب نے کہانجکاری کرنے والے اداروں کو قرض کیوں دیا جا رہا ہے، 30ارب کی نجکاری رکھی ہے نجکاری کے باقی پروگرام کہاں گئے، قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں ہو رہی،ملک میں قانون نہیں ، انٹیلی جنس ایجنسیاں ججز کو زد و کوب کر رہی ہیں، محسن نقوی نے بطور نگران وزیراعلیٰ ساڑھے 400ارب کی گندم درآمد کی تھی، گندم درآمد کرنے کے بعد کاشتکاروں سے خریدی ہی نہیں گئی، گندم کی درآمد میں اربوں روپے بنائے گئے، معاملے کی نیب سے تحقیقات کرائی جائیں۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا ،الیکشن ٹربیونلز میں اب ریٹائرڈ ججز کو بھی شامل کیا جا سکے گا،وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بل کے قد و خال بیان کرتے ہوئے کہا اعلیٰ عدلیہ پر بوجھ کم کرنے کےلئے فیصلہ کیا گیا الیکشن ٹربیونلز میں سیشن کورٹس اور ہائی کورٹس کے ریٹائرڈ ججز کو بھی شامل کیا جائے،اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر بوجھ کے باعث الیکشن ٹربیونلز کے فیصلوں میں تاخیر ہوتی ہے،بل کے تحت الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کو تعینات کیا جا سکے گا، الیکشن ٹربیونلز کے قیام کا اختیار آئین کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔