حکومت کابھرپور جواب،قومی اسمبلی میں امریکی قرارداد کیخلاف قرارداد منظور،سنی اتحاد کونسل کی مخالفت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں ،قومی اسمبلی میں امریکی ایوان نمائندگان کی قراردادکےخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور ،سنی اتحاد کونسل کی مخالفت،شدید احتجاج،ایجنڈ ے کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دیں۔

حکمران جماعت ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کیخلاف پیش کی گئی قرارداد کو اکثریت کی بنیاد پر منظور کیا گیا،قرارداد پر شگفتہ جمانی، ڈاکٹر مہیش ملانی، منزہ حسن، نزہت صادق، شائستہ پرویز ملک اور شذرہ منصب نے دستخط کیے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ایوان، امریکی ایوان نمائندگان میں 25 جون کو ”پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کا اظہار“ کے عنوان سے منظور کی گئی قرارداد کا نوٹس لے رہا ہے،پاکستان 73آئین کی روح کے مطابق جمہوریت کے عالمی اصولوں و آئین میں درج بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، مضبوط و مستحکم جمہوری معاشرے کی تعمیر کےلئے پاکستانی عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیاامریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد واضح طور پر پاکستان کے سیاسی و انتخابی عمل کے نامکمل و غلط فہمی کا نتیجہ ہے،قرارداد 8 فروری 2024 کو ہونےوالے عام انتخابات میں لاکھوں پاکستانیوں کے حق رائے دہی کے آزادانہ استعمال کو تسلیم نہیں کرتی، انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں نے ووٹ دئیے ،امریکی قرارداد مکمل طور پر حقائق پر مبنی نہیں،پاکستان آزاد و خود مختار ملک ہے، اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کرینگے۔

قرارداد میں کہا گیاایوان امریکہ کےساتھ مضبوط، باہمی احترام و تعاون پر مبنی برابری کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرنے کےساتھ امید کرتا ہے، مستقبل میں امریکی کانگریس ،پاکستانی عوام اور دونوں ممالک کے باہمی فائدے کےلئے تعاون کے راستوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں مزید تعمیری کردار ادا کرے گا،اندرونی معاملات میں مداخلت نامناسب ہے، کسی صورت عالمی طاقتوں کو زیب نہیں دیتا کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرے،امریکی ایوان نمائندگان کو غزہ ،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینی چاہیے۔

سنی اتحاد کونسل کے اراکین قرارداد پیش کیے جانے کے دوران نشستوں پر کھڑے ہوگئے،شدید احتجاج کیا ،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دیں،سائفر، سائفر کے نعرے لگائے،شور شرابے پر شائستہ پرویز ملک نے جواب دیتے ہوئے کہا جس طرح ساری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ،مذمت کرنی چاہیے،شرم آتی ہے ملکی خودمختاری پر حملہ ہو رہا ہے اور یہ لوگ حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، افسوس ہے اندرونی معاملات پر بیرونی طاقتیں مداخلت کر رہی ہیں،طاقتوں کو لگام ڈالنی ہوگی،سب کو اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے لیکن اپوزیشن والے اندرونی مداخلت پر حمایت کر رہے ہیں،ملکی خودمختاری کا سوال ہے۔

شگفتہ جمانی نے کہا اپنے آپ کو پاکستانی کہلانے کا حق نہیں ،ہمارے ملک میں مداخلت چھوڑ دیں ،اپوزیشن اراکین مسلسل سائفر سائفر، شیم شیم کے نعرے لگاتے رہے،شگفتہ جمانی نے کہاابھی غصہ بھی بہت ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ دیکھ کر سر شرم سے جھک گیا ،امریکہ کو خبردار کر رہے ہیں ملکی اندرونی معاملات میں مداخلت چھوڑ دے۔

رکن قومی اسمبلی نے امریکہ کو مخاطب کر تے ہوئے کہا تم نے پوری دنیا میں دہشتگردی مچائی ہوئی ہے،پاکستان میں دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے ایسے لوگوں کو ڈوب مرنا چاہیے جو ان کے کندھوں پر چڑھ کر آتے ہیں،گزشتہ روز تو کہہ رہے تھے امریکہ سے کوئی لینا دینا نہیں اب امریکی حق میں کتابیں پھاڑ رہے ہیں، شرم آنی چاہیے۔

دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہاپاکستان خود مختار ریاست ،امریکی قرارداد ملکی معاملات میں مداخلت ہے،کسی صورت قبول نہیں،بدقسمتی سے زمینی حقائق جانے بغیرامریکی کانگریس میں قرارداد منظور کی گئی،امریکہ سے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دینے کی پالیسی پر کاربند رہا جائے تو تعلقات بہتر رہتے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاپاک امریکہ تعلقات طویل عرصے پر محیط ہےں، امریکی کانگریس کو تعلقات میں مضبوطی کےلئے کام کرنا چاہیے، پاکستان نے امریکہ کو اپنے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات سے آگاہ کردیا،قرارداد داخلی امور میں غیر ضروری مداخلت ہے،امریکہ کےساتھ تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر رکھنا چاہتے ہےں،غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔

مزید برآں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم دفتر خارجہ پہنچے ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا،اسحاق ڈار نے قراردادکو اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے پاکستانی تحفظات سے آگاہ کیا،ذرائع کے مطابق امریکی قرارداد کے بعد دونوں ممالک میں پہلا باضابطہ رابطہ ہے، ملاقات میں امریکی قراردادکو اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا گیا،اسحاق ڈار نے پاکستانی تحفظات امریکی سفیر کے سامنے رکھے۔