فیصل آباد، YDAکی کال پرسرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال

فیصل آباد: (صداقت علی) وائے ڈی اے کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال جاری۔ شدید گرمی میں دور دراز سے آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ایک ہفتے کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد مریض علاج معالجے کی سہولت سے محروم، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال ساتویں روز بھی جاری رہی۔ ڈاکٹروں کی طرف سے او پی ڈیز کی بندش اور علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث مریض روزانہ ہسپتالوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ پریشان حال مریضوں کا کہنا ہے ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ پرائیویٹ طور پر علاج کروا سکیں۔ گھر میں کھانے کو کچھ نہیں تو مہنگی ادویات کہاں سے لیں۔ روزانہ کرایہ خرچ کر کے ہسپتال آتے ہیں لیکن یہاں ہڑتال ہوتی ہے۔

مریضوں نے وزیراعظم شہباز شریف , وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہڑتال فوری طور پر ختم کروا کر طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دوسری طرف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اورنگزیب نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ ساہیوال واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ایڈہاک ڈاکٹرز کو مستقل کیا جائے۔ واضح رہے کہ الائیڈ ہسپتال ون کی او پی ڈی میں روزانہ ساڑھے پانچ ہزار اور الائیڈ ہسپتال ٹو میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مریض علاج کے لئے آتے ہیں۔