اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)جج افضل مجوکا نے عدت نکاح کیس میں ریمارکس دئیے 27 جون سے پہلے سزا معطلی درخواست پر فیصلہ کرنا ہے، کوئی فریق نہ بھی آیا تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا۔
عمران،بشریٰ کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت ہوئی،خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے التوا کی استدعا کرتے ہوئے کہا عدالت کچھ وقت دے دے میں دلائل دے دوں گا، جج نے کہا پاور آف اٹارنی واٹس ایپ پر منگوا لیں، وکیل نے کہا آپ پیر یا ہفتہ رکھ لیں۔
عدالت نے خاور مانیکا کے وکیل کو فوری پاور اٹارنی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہائیکورٹ کے آرڈر کا بھی خاور مانیکا کو پتہ ہے، مختصر دورانیے کی سزا پرعدالت کی معاونت کریں، آپ نے پٹیشن میں لکھا ہے مختصر دورانیے کی سزا نہیں، سزا تب معطل کی جاتی ہے جب اپیل کا فیصلہ ہونے میں دیر ہو رہی ہو ،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل کا آغاز کیا تو جج نے سوال کیا اگر اعلیٰ عدلیہ کے 2 فیصلے ہوں ایک آپ کے حق اور دوسرا آپ کےخلاف ہو تو کس کو لیں گے؟۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا جو فیصلہ اعلیٰ عدلیہ سے بعد میں آیاعدالت اس پر عمل کرے گی، 1985 کی آئینی ترمیم کے بعد صورت حال تبدیل ہوئی ، 1985 سے پہلے کے فیصلوں کو اس نکتے پر نہیں دیکھا جائے گا،بشریٰ کے وکیل عثمان گل نے کہا اڈیالہ جیل جانا ہے سلمان صاحب دلائل دیں میں آئندہ سماعت پر کروں گا،سلمان اکرم راجہ نے کہا جب کوئی خاتون بیان دے دے تو حتمی مانیں گے،فیصلے کی حکمت اور 80 کی دہائی میں قانون کی تبدیلی کو بھی عدالت نے دیکھنا ہے، آپ کے سامنے مقدمے میں ہر کوئی مان رہا ہے طلاق تو بہرحال ہوگئی، 14 نومبر 2017 کو طلاق ہونے میں فریقین میں کوئی اختلاف نہیں،بشریٰ نے عدت پوری کی پھر نیا نکاح کیا۔
وکیل نے عطا مانیکا،مفتی سعید کا بیان بھی عدالت کے سامنے چلادیا،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا بانی پی ٹی آئی پر تو کوئی الزام بھی نہیں ،جج نے ریمارکس دیئے یہ تو مانیں فراڈ عمران خان کےساتھ ہوا، جج افضل مجوکا کے جملے پر قہقہے لگ گئے،جج افضل مجوکا نے کہا 27 جون سے قبل اپیل پر فیصلہ کرنا ہے اگر کوئی فریق حاضر نہ ہوا تو فیصلہ پھر بھی کروں گا،عدت نے سماعت 25 جون تک ملتوی کر دی،دوسری جانب 190 ملین پاﺅنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی ،مزید2گواہوں کے بیان پر جرح مکمل کر لی گئی ،عدالت نے بشریٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سپر یٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طبی معائنے کی ہدایت کر دی۔
عدت نکاح کیس، کوئی فریق نہ بھی آیا تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا، جج

















