اسلام آباد (مشرق نیوز) وزارت مذہبی امور نے 35 پاکستانی حجاج کے انتقال کی تصدیق کردی۔ ڈی جی پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو کے مطابق 18 جون سہ پہر 4 بجے تک مشاعر میں 9 پاکستانیوں کی اموات ہوئیں۔ منیٰ میں 4، عرفات 3 اور مزدلفہ میں 2 پاکستانیوں کی اموات ہوئیں۔
ان کا بتانا ہے کہ 20 پاکستانی حجاج کی اموات مکہ اور 6 مدینہ میں ہوئیں، درجہ حرارت 50 ڈگری ہونے کے سبب یہ مشکل حج تھا۔ عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ اس سال حج کے دوران پاکستانیوں کی شرح اموات گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہی، جاں بحق پاکستانیوں کی تدفین مکہ کے الشرائع قبرستان اور جنت البقیع میں کی گئی۔
عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ عازمین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے سوشل میڈیا پر الزامات بے بنیاد ہیں، ہم سعودی حکومت کی معلومات پر بھروسہ اور بعدازاں خود بھی تصدیق کرتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی حاجی کی وفات ہونے پر ہمیں اطلاع دی جاتی ہے۔
سعودی حکومت کے نظام کے تحت ورثا سے تدفین کی اجازت مانگی جاتی ہے، بعد میں غسل دے کر حرمین میں نمازِ جنازہ ادا کر کے تدفین کی جاتی ہے یا پھر وارثین کی خواہش کے مطابق حاجی کی میت پاکستان پہنچانے کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت ان معاملات میں ہمارے ساتھ تعاون کرتی ہے۔
سعودی عرب میں 35 پاکستانی حجاج کے انتقال کی تصدیق
















