راولپنڈی :(بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کےخلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا سیاسی آلہ بن چکے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے۔
آئی ایس پی کے مطابق آرمی چیف نے عید الاضحی پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے استقبال کیا۔
جنرل عاصم منیر نے افسروں و جوانوں کےساتھ نماز عید ادا کی، آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں شہدا کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور جوانوں کے بلند حوصلے، مادر وطن کےلئے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوانوں کےلئے گھروں سے دور محاذ پر عید باعث فخر اور وطن کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی زیادہ اہم ہے۔
آرمی چیف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کشمیریوں کو اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے، بھارتی انتخابات کے بعد کشمیریوں پر ظلم و ستم میں اضافہ ہوا، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے لیکن بھارت کے سیاسی مقاصد کےلئے فالس فلیگ آپریشن معمول بنتے جا رہے ہیں، کوئی بھی جارحیت ہوئی تو قوم کی حمایت سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔
جعلی فلیگ آپریشنز بھارت کا معمول،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے،آرمی چیف
















