لاہور: (اپنے رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں عید الاضحی کے موقع پر 72گھنٹے جاری زیر وویسٹ مشن کامیابی سے ہمکنار ہونے سے عوامی خدمت کا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا، وزیر اعلیٰ نے عید کے تینوں روز زیروو یسٹ مشن اور عید الاضحی سے متعلق ہرٹاسک کی خود مانیٹرنگ کی،لاہور میں پہلی مرتبہ ڈرون ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سینی ٹیشن مانیٹرنگ کی نئی اختراعی روایات قائم کی گئی،لاہور کینال میں عید کے موقع پر آلائشیں پھینکنے کی بدعت میں 80فیصد کمی آئی۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹریز، ضلعی انتظامیہ ، ویسٹ مینجمنٹ حکام فیلڈ میں وزٹ کرکے نگرانی کرتے رہے اور وزیراعلیٰ مریم نوازکی طرف سے عملے میں عیدکے تحائف بھی تقسیم کیے گئے، مساجد ، عیدگاہوں ، امام بارگاہوں، بازاروں، سڑکوں ، چوراہوں اور گلیوں کی صفائی کا غیر معمولی اہتمام کیا گیا، نہروں پر عوام خاص طور پر بچوں کی حفاظت کےلئے خصوصی طور پر گارڈزمتعین کیے گئے، صوبائی ، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پرقائم کنٹرول رومز میں بھی نگرانی کا عمل جاری رہا۔
پنجاب بھر میں پہلی بار 32لاکھ سے زائدبائیو گریڈ ایبل بیگ تقسیم کیے گئے، عید کے روز تمام بڑے شہروں ، تحصیلوں اور قصبات میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کےلئے متعلقہ عملہ اور حکام متحرک رہے،مختلف شہروں میں آلائشوں کو گڑھے کھود کر ٹھکانے لگایا گیا،عید کے دوسرے اور تیسرے روز بھی زیر ویسٹ مشن زروشور سے جاری رہا، اضلاع و تحصیلوں اور قصبات میں آلائشیں اٹھا کر راستوں کی دھلائی کی گئی ،فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے چھڑکاﺅ کیا گیا۔
لاہور کینال لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی چار سپیشل ڈرون ٹیموں نے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی، نہر میں گندگی پھینکنے پر 2لاکھ80 ہزار جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ صفائی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہریوں کو نوٹس جاری ہوئے اور وارننگ بھی دی گئی، وزیر اعلیٰ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران اور عملے کو شاباش دی،تحصیلوں اور یونین کونسلوں میں انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے عوامی جذبے کو سراہا،مریم نوازنے پنجاب بھر کے منتخب عوامی نمائندوں اور پارٹی رہنماﺅں کا بھی صفائی مہم میں ساتھ دینے پر بھر پور شکریہ اداکیا۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا حکومتی اداروں ، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے عوام کی خدمت کی قابل تقلید مثال قائم کی جو پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کےلئے جاری کاوشوں کا حصہ ہے، وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور بلدیاتی ادروں کے اشتراک کار کو سراہا اور کہا پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع سسٹم لارہے ہیں اور ستھرا پنجاب ویژن کو حقیقت بنائیں گے،ستھرا پنجاب محض نعرہ نہیںرہا بلکہ حکومتی اداروں نے عوام کے اشتراک سے عملی طور پرکر کے دکھا دیا،مریم نواز نے صفائی عملے کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاآپ نے مثالی خدمت کرکے ستھرا نئی تاریخ رقم کردی، شدید گرمی میں عوام کی خدمت قابل تعریف اور قابل فخر ہے،وزیر اعلیٰ نے میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسروں ،عملے کو بھی خراج تحسین پیش کیا،منتخب نمائندوں، میڈیا اور عوام کا بھی شکریہ جنہوں نے اداروں کا ساتھ دےکر صفائی مہم کو کامیاب بنایا۔
دریں اثناوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کی چھٹیاں ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کے پیش نظر مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا لاہور اور دیگر شہروں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے،اوور چارجنگ کی صورت میں مسافروں سے وصول کردہ کرایہ واپس کرائیں اور بس عملے پر جرمانہ عائد کیا جائے ، گاڑی کی فٹنس چیک کی جائے اور قابل مرمت گاڑیوں کو ہرگز مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے،کسی روٹ پر گاڑیوں میں اوورلوڈنگ نہ کرنے دی جائے ، ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرائی جائے۔
مریم نوازکے احکامات کے بعد کرایوں میں کمی کےلئے گرینڈ آپریشن شروع ہوگیا،خانیوال، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، جہلم ، شیخوپورہ ، فیصل آباد ، راولپنڈی، سرگودھا اور لیہ سمیت دیگر اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ نے بس سٹینڈزجاکر کرایوں پرچیکنگ شروع کر دی اور بسوں میں بیٹھے مسافروں سے کرائے کا دریافت کیا ، بس عملے کو کسی صورت مقررہ کرایہ سے زیادہ وصول نہ کرنے کی ہدایت کی ۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز سے سپین کے سفیر جوز انتونیو ڈی اوری اوراعزازی قونصل برائے سپین جلال صلاح الدین نے ملاقات کی جس میں پنجاب اور سپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، لائیو سٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا گیا۔
مریم نواز نے کاروبار کی ترقی کےلئے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے پائیدار حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، ہسپانوی سفیر نے پنجاب میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شیخوپورہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع ،فیصل آباد میں جھلس کر بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ۔
پنجاب میں خدمت کا منفرد ریکارڈ قائم ،صفائی عملے کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ کاانعام


















