وزیراعظم کی فون ڈپلومیسی، متعدد ممالک کے سربراہوں کو عید کی مبارکباد،تعاون بڑھانے کاعزم

اسلام آبا د/ لاہور: (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہبازشریف کی فون ڈپلومیسی، متعدد ممالک کے سربراہوں کو عید کی مبارکباد، تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

شہبازشریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، عید الاضحی کے موقع پر مبارکباد، نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا، دونوں رہنماﺅں نے پاکستان، ترکیہ کے درمیان دوستی و بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ و ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

شہباز شریف، اردگان نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کےلئے امن کوششوں کو دوگنا کرے، دونوں رہنماﺅں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کےلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کےلئے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کنسلٹیٹو کونسل (HLSCC) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان ،بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ کو بھی ٹیلیفونک رابطے میں عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا، امت مسلمہ کے اتحاد، امن و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ ٹیلیفونک رابطوں میں دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

شہبازشریف نے رواں سال کے آخر میں باکو میں ہونےوالی اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیزکوپ 29 کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد دی،کانفرنس میں شرکت کی ذاتی دعوت دینے پر صدر علییوف کا شکریہ ادا کیا،دونوں رہنماﺅں نے اعادہ کیاپاکستان ،آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ شہبازشریف نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔

صدر علییوف نے کہا جلد پاکستان کا دورہ کرونگا،ٹیلی فونک رابطے میںتاجک صدر رحمان نے بھی مبارکباد اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ،پاکستان ،تاجکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا، دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار، تجارت، توانائی اور رابطوں کے ذریعے تعلقات بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

شہبازشریف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ نے مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں پر استوار پاکستان ،بحرین کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہا۔ وزیراعظم نے گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں پاکستان کیلئے بحرین کی حمایت و تعاون کو سراہا،پاکستان کیلئے احترام و نیک خواہشات پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کی غرض سے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 2014 میں شاہ حماد کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ بحرین کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔