اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آٹا،چینی سمیت تمام پیکنگ والی اشیائے خورونوش پر 18فیصد جی ایس ٹی عائد،قائمہ کمیٹی سینٹ نے نان فائلرکے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظورکرلی۔
سلیم مانڈوی والاکی زیرصدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ،چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا18 فیصد جی ایس ٹی تمام پیکنگ والی اشیا پرلگایا گیا، کھلی اشیاپراضافی ٹیکس نہیں ، فارمولہ دودھ پرعائد کردہ 8 فیصد جی ایس ٹی میں کمی کی سفارش کردی،18 فیصد جی ایس ٹی لوکل پراسسڈ دودھ پرلگایا گیا، فارمولہ دودھ غریب مائیں بچوں کیلئے استعمال نہیں کرتیں۔
امجد زبیرٹوانہ نے کہا گاو¿ں میں کبھی غریب بندے کوبچوں کیلئے مہنگا فارمولہ دودھ خریدتے نہیں دیکھا، دودھ فروخت کرنے والی کمپنی کے ڈیلرز،ڈسٹری بیوٹرزغیر رجسٹرڈ ہیں،دودھ کمپنیوں نے صارفین پر مزید بوجھ بڑھایا مگر حکومت کو کچھ دینے کو تیار نہیں، آئندہ مالی سال سے زیرو ریٹنگ مکمل ختم کردی،سینیٹرفاروق نائیک نے کہا کمپنی کو ٹیکس چوری پر بلیک لسٹ کردیں، سیلزٹیکس ان ڈائریکٹ ٹیکس ہے جوصارف کو ادا کرنا پڑتا ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا ملک میں خواتین کی اکثریت بچوں کیلئے فارمولہ دودھ استعمال کرتی ہے، ڈبہ پیکڈ دودھ تیارکرنے والی کمپنی 3،4سال سے قیمتیں بڑھا رہی ہے، کمپنی اگرڈبہ دودھ کی قیمت کم کرے تو ٹیکس میں کمی پر غور کریں گے،چیئرمین ایف بی آر نے کہا 600 روپے قیمت پر18 فیصد جی ایس ٹی کے حساب سے قیمت میں کمی کی جائے، ایف بی آر اسی حساب سے ٹیکس میں کمی پر غور کرے گا۔
دریں اثنا قائمہ کمیٹی خزانہ نے نان فائلر کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور کرلی،چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے خلاف انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت کارروائی ہوگی، حج، عمرہ، چھوٹے بچوں، طلبا اور نائیکوپ رکھنے والے اوورسیزپاکستانیوں کو استثنیٰ ہوگا،نان فائلرکی موبائل سم، بجلی ،گیس کنکشن منقطع،کاروبار بند کیے جائیں گے،فاروق ایچ نائیک نے کہا نان فائلر کے بیرون ملک سفر پرپابندی کا مطلب ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام آنا ہی سمجھا جائے۔
امجد زبیر ٹوانہ نے کہانان فائلرپر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی زیادہ ہے،5لاکھ نان فائلرز کی فہرست میں سالانہ 20لاکھ سے زیادہ آمدن والے لوگ بھی ہیں، ماضی ٹیکس ریٹرن میں اپنی آمدن ظاہر کرچکے ہیں،صرف گاڑی، پلاٹ یا گھر خریدنے کےلئے وقتی فائلر بننے والوں کو بھی اضافی ٹیکس دینا ہوگا۔
آٹا،چینی سمیت تمام پیکنگ والی اشیائے خورونوش پر 18فیصد جی ایس ٹی عائد
















