درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی میں اے ایف ڈی فرانس کا تعاون حاصل ہے: چیئرمین واپڈا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) واپڈا نے درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سول اور الیکٹرو مکینیکل کنٹریکٹ کی مالیت 10 ارب 60کروڑ روپے ہے،کنٹریکٹ دو چینی اور ایک پاکستانی کمپنی پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈکیا گیا ،جنرل منیجر (ہائیڈل) ڈویلپمنٹ واپڈا اور جوائنٹ ونچر کے مجاز نمائندے نے کنٹریکٹ پر دستخط کئے۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی بھی تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہاکہ درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی میں واپڈا کو اے ایف ڈی فرانس کی مالی معاونت حاصل ہے،کنٹریکٹ کے مطابق درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کا کام تین سال میں مکمل ہوگا۔ چیئرمین واپڈا نے مزید کہاکہ بحالی منصوبے کی تکمیل پر درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن 22میگاواٹ ماحول دوست پن بجلی پیدا کریگا،بحالی منصوبے کی تکمیل پرنیشنل گرڈ کو ہر سال 13 کروڑ یونٹ کم لاگت بجلی مہیا ہوگی۔