نیب کاصادق آباد میںاربوں کے شوگر سکینڈل کا نوٹس ،تحقیقات شروع

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) نیب لاہور نے صادق آباد میں اربوں کے شوگر سکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے چینی سکینڈل کے مرکزی ملزم شیخ راشد اور شریک ملزموں کےخلاف انکوئری کا حکم دیدیا۔

ترجمان نیب لاہور کے مطابق صادق آباد میں بڑے چینی ڈیلر زکی تاجروں کے اربوں روپے سمیٹ کر روپوش ہونے کی رپوٹ موصول ہوئی،تاجروں کی عمر بھر کی جمع پونجی لٹنے کی اطلاعات پر ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے فوری تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی،تفتیشی ٹیم نے مرکزی ملزم شیخ راشد شریک ملزموں کاشف علی ،فیصل علی کےخلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ،نیب لاہور کے مطابق تفتیشی ٹیم کے صادق آباد میں ہنگامی ریڈ پر ملزموں کی جانب سے متعدد مقامات پر چینی سٹاک کئے جانے کا انکشاف ہوا ۔

ابتدائی تحقیقات میں ملزم شیخ راشد کے صادق آباد میں 4بڑے گوداموں کی موجودگی کا پتہ لگالیا گیا جنہیں چینی سٹاک کیلئے استعمال کیا جاتارہا،ڈی جی نیب لاہور کے احکامات پر تمام گوداموں اور دکانوں کو فوری طور پر سیل کرکے اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد ملزموں کی جائیدادوں پر ریسیور کے طور پر تعینات کردیا گیا۔