بجٹ پیش،موبائل فونز، سیمنٹ،کاغذ،کوئلہ ،گاڑیاں،جائیداد، سگریٹ سمیت کئی اشیا مہنگی،تنخواہوں،پنشن میں اضافہ

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) 188 کھرب سے زائد کا بجٹ پیش، ٹیکس ہدف 12970 ارب مقرر، موبائل فونز، سیمنٹ، کاغذ، کوئلہ، لگژریاں گاڑیاں، جائیداد، سیگریٹ سمیت کئی اشیا مہنگی، تنخواہیں 25، پنشن میں 15 فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔

سولر پینل کے انورٹر اور بیٹریاں سستے، پنشن اخراجات میں کمی کیلئے سکیم متعارف، شرح نمو کا ہدف 3.6 ارب، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی 80 روپے مقرر، بےنظیر انکم سپورٹ 593 ،دفاع 269، سود کی ادائیگی کیلئے 9775 ارب مختص، کم سے کم ماہانہ اجرت 37 ہزار، صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس، دانش سکولوں کا دائرہ وسیع، جائیداد کی خریدوفروخت اورآمدنی پر 45 فیصد تک ٹیکس تجویز،50 ہزار ماہانہ آمدن والے مستثنیٰ ہوں گے۔


وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آغاز میں کہا معزز ایوان کے سامنے مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کرنا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ فروری 2024 کے انتخابات کے بعد مخلوط حکومت کا یہ پہلا بجٹ ہے اور میں اتحادی حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کی قیادت خصوصاً میاں نواز شریف ، بلاول بھٹو زرادری ، خالد مقبول صدیقی ،چوہدری شجاعت حسین ،عبدالعلیم خان اور خالد مگسی کی رہنمائی کےلئے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ سیاسی اور معاشی چیلنجوں کے باوجود پچھلے ایک سال کے دوران اقتصادی محاذ پر ہماری پیش رفت متاثر کن رہی ہے۔ ہم سب نے معاشی استحکام اور عوام کی بہتری کیلئے تمام سیاسی قوتوں کے مل بیٹھنے کے مطالبات کی بازگست کئی بار سنی ہے۔ آج قدرت نے پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر چلنے کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔ ہم اس موقع کو ضائع کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

میں تمام معزز اراکین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومت کی کاوشوں میں تعاون کریں۔ بجٹ کی تفصیلات پیش کرنے سے پہلے میں اس بجٹ کے پس منظر کی وضاحت کرنا چاہوں گا،نواز شریف نے پاکستان میں 1990 میں جن معاشی اصلاحات کی بنیاد رکھی ان کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں home grown reform agenda کے ذریعے موجودہ معاشی مسائل پر قابو پا کر ترقی کی رفتار کو بڑھایا جائیگا۔کچھ ہی عرصہ قبل پاکستان کی معیشت کو مشکل حالات کا سامنا تھا کیونکہ سٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر 2 ہفتوں سے کم مدت کی درآمدات کے لیے ہی کافی تھے۔ محض ایک سال میں پاکستانی روپے کی قدر میں چالیس (40) فیصد کمی واقع ہو چکی تھی۔ اقتصادی ترقی تقریبا صفر کے قریب تھی اور افراط زر اس سطح پر پہنچ گیا تھا کہ لوگ تیزی سے غربت کی لکیر سے نیچے جا رہے تھے۔ ان حالات سے نکلنا خاصا مشکل نظر آ رہا تھا۔ پچھلے سال جون میں آئی ایم ایف پروگرام اپنے اختتام کو پہنچ رہا تھا اور نئے پروگرام سے متعلق بہت غیریقینی کیفیت تھی۔ نئے IMF Programme میں تاخیر انتہائی مشکلات پیدا کر سکتی تھی۔

وزیر خزانہ نے کہا مجھے وزیراعظم شہباز شریف کی گزشتہ حکومت کی تعریف کرنی ہوگی جس نے آئی ایم ایف کے ساتھ Stand by Arrangement معاہدہ کیا۔ اس پروگرام کے تحت لئے جانیوالے اقدامات کے نتیجے میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوئی اور غیریقینی کی صورتحال اختتام کو پہنچی۔ گزشتہ چند مہینوں میں ہماری مسلسل کاوشوں کے نتائج ہمیں تسلی دیتے ہیں کہ ہم صحیح سمت میں گامزن ہیں۔ مہنگائی جو کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی توجہ کا مرکز ہے، مئی میں کم ہو کر تقریباً 12 فیصد کے قریب آ گئی ہے۔ اشیائے خوردونوش اب عوام کی پہنچ میں ہیں۔ درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھا جائے تو یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں ہے۔ آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہونے کا امکان ہے۔ زرمبادلہ کی شرح مستحکم رہی ہے۔ ہماری مالیاتی استحکام کی کوششیں ثمر آور ہو رہی ہیں اور سرمایہ کار معیشت کے متعدد شعبوں میں انویسٹمنٹ کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کا اعلان مہنگائی پر قابو پانے کی کوششوں کی تائید اور ثبوت ہے۔ معیشت کی بحالی کی خاطر انتھک محنت کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی Coalition Government اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ گزشتہ سال میں حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں معمولی نہیں ہیں ان کے نتیجے میں ملک ایک بحرانی صورتحال سے نکل چکا ہے اور دیرپا ترقی کے ایسے سفر کا آغاز ہو چکا ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ یہ کامیابیاں ایک بہتر مستقبل کا عندیہ ہیں۔

اورنگزیب نے کہا ضرورت اس امر کی ہے ترقی کی موجودہ رفتار کو تیز کرتے ہوئے معاشی خودانحصاری کی منزل کو حاصل کریں۔ یہ ایسا کام نہیں کہ راتوں رات اسے کر دکھایا جائے۔ اس کیلئے ہمیں سخت محنت، ایک home-grown اصلاحاتی پلان پر تمام اداروں اور عوام کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم اس امید کے ساتھ اپنے home-grown ریفارم ایجنڈے کو پختہ ارادے اور عزم کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں کہ پاکستان جلد ہی Inclusive اور Sustainable Growth کے دور کی طرف لوٹ آئیگا۔ ہر کوئی اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ راستہ بہت کٹھن ہے، ہمارے پاس Options محدود ہیں مگر جیسا کہ میں پہلے عرض کر چکا ہوں یہ اصلاحات کا وقت ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہی وقت ہے کہ ہم اپنی معیشت میں پرائیویٹ سیکٹر کو مرکزی اہمیت دیں اور چند افراد کی بجائے پاکستان کے عوام کو اپنی ترجیح بنائیں۔ حالیہ دہائیوں سے ہم Economic Imbalance کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں، اس کی وجہ وہ structural factors ہیں جن کی وجہ سے سرمایہ کاری، معاشی پیداوار اور برآمدات دباﺅ کا شکار ہیں۔ ماضی میں ریاست پر غیرضروری ذمہ داریوں کا بوجھ ڈالا گیا جس کی وجہ سے حکومتی اخراجات ناقابل برداشت ہو گئے۔ اس کا خمیازہ مہنگائی، کم پیداواری صلاحیت اور کم آمدن والی ملازمتوں کی صورت میں عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ اس Low Growth Cycle سے باہر آنے کیلئے ہمیں Structural Reforms کو آگے بڑھانا اور معیشت میں Incentives کو صحیح کرنا پڑے گا۔ جیسا کہ:ہمیں ایک Government-determined Economy سے ایک Market Driven Economy میں تبدیل ہونا ہوگا۔ ہمارے معاشی نظام کو عالمی معیشت کے ساتھ چلتے ہوئے برآمدات کو فروغ دینا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہاسکوک بانڈ، پی آئی بی، ٹی بلز سے 5142 ارب وصولی، وفاقی ترقیاتی بجٹ کیلئے 1400 ارب مختص کردئیے، انجن کپیسٹی کی بجائے گاڑی کی قیمت کی بنیاد پر ٹیکس لینے کا فیصلہ کرلیا، ہائبرڈ و لگژری الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر دی جانے والی رعایت ختم کردی گئی،آئی ٹی پارک تعمیر کیے جائیں گے، مچھلیوں، جھینگوں کی افزائش کیلئے سیڈ و فیڈ کی درآمد پر ٹیکس رعایت، فاٹا پاٹا کو دی گئی انکم ٹیکس چھوٹ میں ایک سال توسیع، جائیدادکی خریدوفروخت، غیرتنخواہ دار افراد پر زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس شرح 45 فیصد عائد کردی،ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 66 ارب 31 کروڑ ترقیاتی بجٹ، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 1777 ارب فراہم کئے جائیں گے، آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی۔