سفارشیں بھی بیکار، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی تقرری سیاست کی نذر

لاہور (علی جنید) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی تقرری سفارشات کی سیڑھیاں عبور کرنے کے باوجود سیاست کی بھینٹ چڑھ گئی۔ وفاق میں پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے وزارتیں نہ لینے کی وجہ سے تین امیدوار فائنل کئے جانے کے باوجود انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کی سیٹ عرصہ سے خالی ہے اور وفاق عارضی طور پر وزارت مذہبی امور کے افسران کو چیئرمین کا اضافی چارج دیکر اس محکمے کو دھکا دیکر چلا رہا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے چیئرمین کے انتخاب میں متعدد خامیوں کے باوجود چند افراد کو نوازا جا رہا ہے اور جس لسٹ کو حتمی شکل دی گئی تھی اس کے مطابق امیدواروں میں حبیب الرحمان گیلانی 325 نمبر، اعجاز احمد 315 اور کلیم امام نے 307 نمبر لئے ہیں جبکہ یہاں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور کی سیٹ خالی پڑی ہے اور پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کا انتظار کیا جا رہا ہے جس کی بناءپر چیئرمین کی تقرری عارضی طور پر روکی گئی ہے۔