پی ٹی آئی کابڑا فیصلہ،اچکزئی کو مذاکرات کامکمل اختیار دےدیا

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کابڑا فیصلہ،محمود اچکزئی کو سیاسی قیادت سے مذاکرات کامکمل اختیار دےدیا،ذرائع کے مطابق فیصلہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کے مشورے پر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت کےساتھ روابط سے قبل مذاکرات کی شرائط و طریقہ کار پر مشاورت ہو گی، تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک میثاق پر اتفاق رائے ڈائیلاگ کی بنیاد ہو گا،اسیروں کی رہائی،انتخابی عمل کی شفافیت بھی مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گے،عدلیہ، پارلیمان و ریاستی اداروں کی آئینی حدود مذاکرات کے نکات میں شامل ہوں گی،پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت بھی مذاکراتی عمل کاحصہ بنے گی۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے سیاست میں کوئی دوست دشمن نہیں ہوتا، بات چیت چاہتے ہیں،مذاکرت کا مطلب بات چیت کی طرف جانے کا کہہ رہے ہیں، محمود اچکزئی اگر قیادت کرنا چاہ رہے تو کوئی بری بات نہیں ہے، چاہتے ہیں الیکشن میں دھاندلی نہ ہو اور عدلیہ مضبوط ہو،بات چیت جاری ہے، امید ہے فضل الرحمن ساتھ ہوں گے،مولانا کےساتھ اور بھی ملاقاتیں ہوں گی، ملکی استحکام کےلئے اتفاق لازم چیز ہے۔

دریں اثنا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا حکومت نے معیشت تباہ کر دی ، کئی اعداد و شمار مصنوعی طور پر بڑھائے اب چاول کا بھی بحران آئے گا، ایران سے پٹرول کی جگہ چاول سمگل ہوگا، افراط زر میں کمی نہیں آئی مزید بڑھی ، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں مگر عوام کوفائدہ نہیں مل رہا،حکومت وقت کی فرعون ہے، ہتک عزت قانون آزادی صحافت کیلئے زہر قاتل ہے، سوشل میڈیا پر فائر والز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔